اسلام آباد ( پاک ترک نیوز) ملک کے مختلف علاقوں میں بارش نے موسم کا رنگ بدل دیا، بالائی علاقوں میں برفباری سے سردی بڑھ گئی، لاہور میں بارش کے بعد فضائی آلودگی میں بھی کمی آگئی۔لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں رات گئے بادل برسے، جس کے بعد موسم سرد ہوگیا اور فضا میں آلودگی کی شدت کم ہونے لگی۔اسلام آباد، راولپنڈی، مری اور گردونواح میں بارش سے سردی میں مزید اضافہ ہوگیا، جبکہ خیبر پختونخوا کے دیر، چترال، سوات، مالاکنڈ اور پشاور سمیت مختلف علاقوں میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
آزاد کشمیر کے مظفرآباد، وادی نیلم اور وادی لیپہ میں بارش جبکہ پہاڑوں پر برفباری ہوئی، جس سے سردی کی شدت بڑھ گئی۔ گلگت بلتستان کے بالائی علاقوں میں بھی بارش اور برفباری کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے بالائی علاقوں میں کل تک وقفے وقفے سے بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیش گوئی کی ہے۔دوسری جانب کراچی میں صبح سے ہلکی دھند اور گرد آلود فضا برقرار ہے، شہر کا موسم جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، جبکہ آئندہ چند روز بارش کی پیش گوئی نہیں کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: ٹرمپ کی ایران کو ایک بار پھر فوجی کارروائی کی دھمکی
ادھر بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک جبکہ شمالی علاقوں میں سرد رہنے کا امکان ہے۔ کوئٹہ، خضدار، لسبیلہ اور گردونواح میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، بعض مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔












