لاہور(پاک ترک نیوز)وادی نیلم اور وادی لیپہ سمیت آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری، بلوچستان کے کئی اضلاع میں بھی بادل برس پڑے، جبکہ پنجاب میں فضائی آلودگی نے شہریوں کی مشکلات بڑھا دیں۔
ملک کے مختلف علاقوں میں موسم نے کروٹ لے لی۔ مظفرآباد، وادی نیلم اور وادی لیپہ میں بارش جبکہ پہاڑوں پر برف باری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔ بلوچستان کے کئی اضلاع میں بھی بارش ہوئی، جبکہ بعض علاقوں میں ژالہ باری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
دوسری جانب پنجاب میں سموگ اور فضائی آلودگی کا راج برقرار ہے۔ لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر آگیا، جہاں ایئر کوالٹی انڈیکس 303 ریکارڈ کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: 16 سال سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال پر پابندی کی درخواست، سماعت 2 دسمبر تک ملتوی
سرگودھا، راولپنڈی اور دیگر شہروں میں بھی فضائی آلودگی کی صورتحال تشویش ناک ہے۔ آلودہ فضا کے باعث شہری گلے، سانس اور آنکھوں کے امراض سے متاثر ہو رہے ہیں۔
ادھر صوبائی وزیر تعلیم نے واضح کیا ہے کہ سموگ کے باعث اسکول بند نہیں کیے جائیں گے اور تعلیمی سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری رہیں گی۔ طلبہ کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور ماسک استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔












