کراچی (پاک ترک نیوز)سندھ حکومت نے سرکاری محکموں میں استعمال ہونے والی روایتی گاڑیوں کو مرحلہ وار الیکٹرک گاڑیوں (ای وی) پر منتقل کرنے کا فیصلہ کرلیا، آئندہ سرکاری گاڑیوں کی خریداری میں الیکٹرک گاڑیوں کو ترجیح دی جائے گی۔
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے کفایت شعاری کا اجلاس ہوا، جس میں صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ، متعلقہ صوبائی سیکریٹریز اور دیگر حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں سرکاری اخراجات میں کمی، ایندھن کی بچت اور مختلف محکموں کی گاڑیوں کی ضروریات کا جائزہ لیا گیا، جبکہ محکمہ داخلہ، اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ اور یونیورسٹیز و بورڈز کے لیے گاڑیوں کی خریداری کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ سرکاری وسائل کی بچت حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، ایسے اقدامات کیے جا رہے ہیں جن سے اخراجات کم کرنے کے ساتھ ماحول کا تحفظ بھی ممکن ہو۔
انہوں نے کہا کہ مستقبل ای وی گاڑیوں کا ہے، حکومت سندھ چاہتی ہے کہ سرکاری ادارے بھی ماحول دوست ٹیکنالوجی اپنائیں اور روایتی ایندھن پر انحصار کم کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال سے ایندھن کے اخراجات اور سرکاری خزانے پر مالی بوجھ کم ہوگا، جبکہ مرحلہ وار منتقلی سے محکموں کے روزمرہ اخراجات میں بھی کمی لائی جاسکے گی۔
یہ بھی پڑھیں: مہربانی، ہمدردی اور حسنِ سلوک معاشرے میں محبت اور امن کے فروغ کا ذریعہ ہیں، وزیراعلیٰ سندھ
اس موقع پر صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ روایتی گاڑیوں سے خارج ہونے والا دھواں شہری ماحول اور فضا کو متاثر کرتا ہے، بلدیاتی اداروں میں بھی الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال کو فروغ دیا جا رہا ہے۔






