اسلام آباد ( پاک ترک نیوز) پاکستان کے معدنی خزانوں سے معاشی ترقی کی نئی راہیں کھولنے کی تیاری، اسلام آباد میں دو روزہ پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 کا شاندار آغاز، عالمی سرمایہ کاروں اور مختلف ممالک کے سفارتی نمائندوں کی شرکت۔جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد میں جاری فورم میں وزیراعظم آزاد کشمیر، وزیر پیٹرولیم، گورنر خیبر پختونخوا اور پنجاب، سندھ، بلوچستان سمیت گلگت بلتستان کے وزرائے اعلیٰ شریک ہیں۔
پاکستان میں تعینات مختلف ممالک کے سفارتی نمائندوں، تھنک ٹینکس، بین الاقوامی مالیاتی اداروں اور عالمی سرمایہ کاروں نے بھی فورم میں شرکت کی۔نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے خطاب کرتے ہوئے اقتصادی سفارت کاری کو پاکستان کی خارجہ پالیسی کا مرکزی ستون قرار دیا۔فورم کے پہلے روز پاکستان کے وسیع معدنی ذخائر، بالخصوص تانبے، اینٹیمنی اور ٹنگسٹن کے وسائل کو اجاگر کیا گیا، جبکہ معدنیات کی تلاش، جیولوجیکل سروے کے اداروں کے درمیان تعاون اور کان کنی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 کا بنیادی مقصد ملک کے معدنی وسائل کو معاشی ترقی، صنعتی سرگرمیوں اور ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری کے نئے مواقع میں تبدیل کرنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سندھ حکومت کا سرکاری گاڑیاں مرحلہ وار الیکٹرک وہیکلز پر منتقل کرنے کا فیصلہ
معدنی وسائل سے مالا مال پاکستان کے لیے یہ فورم عالمی سرمایہ کاری اور معاشی تعاون کے نئے امکانات سامنے لانے کا اہم پلیٹ فارم ہے۔












