بالاکوٹ(پاک ترک نیوز ) وادی کاغان میں موسم سرما نے دستک دے دی، بالائی پہاڑوں پر ہلکی برفباری اور سرد ہواؤں کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔
گزشتہ روز ناران، جھیل سیف الملوک، بٹہ کنڈی، بابوسر ٹاپ اور دیگر بلند پہاڑی مقامات پر دو انچ سے زائد برفباری ریکارڈ کی گئی، جبکہ برفباری کے ساتھ چلنے والی یخ بستہ ہواؤں نے موسم مزید سرد کردیا۔
سردی بڑھنے پر مقامی آبادی کے ساتھ سیاحوں نے بھی گرم کپڑے نکال لیے، جبکہ برفباری رکنے کے بعد پہاڑی علاقوں کی قدرتی خوبصورتی مزید نکھر گئی۔
برف سے ڈھکی پہاڑی چوٹیاں، گھنے جنگلات کے درمیان کھڑے درخت اور سفید چادر اوڑھے پہاڑ سیاحوں کی توجہ کا مرکز بن گئے۔ ملک کے مختلف علاقوں سے آنے والے سیاح برفباری کے مناظر سے لطف اندوز ہونے کے لیے مختلف مقامات کا رخ کررہے ہیں۔
سیاحوں کی آمد سے وادی کاغان میں رونقیں بحال ہوگئیں، جبکہ مقامی تاجروں اور ہوٹل مالکان نے موسم کی پہلی برفباری کو خوش آئند قرار دیا ہے۔
تاجروں کے مطابق برفباری نے سیاحت اور کاروباری سرگرمیوں کو نئی جان دے دی ہے۔ رواں سال وادی کاغان میں سیاحت کا موسم پہلے ہی کامیاب رہا اور لاکھوں سیاح شمالی علاقوں کے دلکش مناظر دیکھنے کے لیے یہاں پہنچے۔
مقامی افراد اور کاروباری حلقوں کو امید ہے کہ آنے والے دنوں میں مزید برفباری اور سیاحوں کی آمد سے وادی کاغان میں سیاحت کا سلسلہ مزید فروغ پائے گا۔












