اسلام آباد (پاک ترک نیوز ) وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک کا کہنا ہے پانی کی قلت سےصرف پاکستان ہی نہیں بنگلہ دیش بھی متاثر ہورہا ہےمسئلہ پانی کی عدم دستیابی یا بہاؤ کا نہیں بلکہ پانی کے کنٹرول کا ہے، یہ ماحولیاتی مسئلہ نہیں بلکہ انصاف کا ہے، پانی کے بہاؤ پر کنٹرول اصل مسئلہ ہے۔
مصدق ملک نے کہا سندھ طاس معاہدہ دنیا کے مضبوط ترین معاہدوں میں سے ایک ہے، یہ معاہدہ ہمسائیہ ملکوں کے درمیان تین جنگوں کے دوران بھی قائم رہا، یہ مضبوط ترین معاہدہ قائم نہ رہا تو پھر دنیا کا کوئی بھی معاہدہ قائم نہیں رہ سکتا۔
وفاقی وزیر مصدق ملک نے کہا کسی ایک ملک کو علاقائی اور عالمی امن کو یرغمال بنانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ پاکستان اپنے حصے کے پانی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
یۃ بھی پڑھیں: پاکستان میں چار بڑے ڈیم منصوبوں پر کام تیز
سابق وفاقی وزیر خرم دستگیر نے کہا پانی کسی بھی معاشرے کیلئے شہ رگ کی حیثیت رکھتا ہے۔
کمشنر انڈس واٹر ٹریٹی سید مہر علی شاہ نے کہا بھارت کا یکطرفہ طور پر معاہدے کو معطل رکھنا غیر قانونی اور معاہدے کی خلاف ورزی ہے ۔ پاکستان اپنے حصے کے پانی کو موڑنے کی اجازت نہیں دے سکتا۔ پاکستان ہر صورت سندھ طاس معاہدے کے تقدس کا تحفظ کرے گا۔
سید مہر علی شاہ نے کہا سندھ طاس معاہدے پر کسی بھی طرف کی سیاسی گفتگو نہیں کی جا سکتی۔ معاہدے کے تحت عالمی ثالثی عدالت کے پاس معاملہ لے جایا جا سکتاہے، عالمی عدالت نے واضح کیا بھارت معاہدہ یکطرفہ معطل نہیں کر سکتا ۔
احمر بلال صوفی نے کہا بھارت نے قانونی راستہ اپنانے کے بجائے کشیدگی اور جنگ کا راستہ چنا،بھارتی اقدام اقوام متحدہ کے منشور کی خلاف ورزی ہے۔












