برمنگھم(پاک ترک نیوز )برمنگھم میں انگلینڈ کے خلاف آخری ٹیسٹ میں پاکستانی بیٹرز ایک بار پھر بری طرح ناکام ہوگئے۔ گرین کیپ کے صرف 23 اوورز میں 7 کھلاڑی صرف 100 رنز پر پویلین واپس لوٹ گئے۔
پاکستانی بیٹنگ لائن اپ انگلش بولرز کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی۔ اوپنر صائم ایوب بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے، جبکہ اذان اویس 9، عبداللہ شفیق 3، شان مسعود 5، کپتان بابر اعظم 7، غازی غوری 4 اور محمد عمران صرف 5 رنز بنا سکے۔
انگلینڈ کی جانب سے جوش ٹنگ نے تین جبکہ اولی رابنسن اور جوفرا آرچر نے دو، دو وکٹیں حاصل کرکے پاکستانی بیٹرز کو جم کر کھیلنے کا موقع ہی نہ دیا۔
پاکستان کی جانب سے سعود شکیل نے مزاحمت جاری رکھی اور 37 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں، جبکہ ڈیبیو کرنے والے رضا اللہ 11 رنز بنا کر ان کا ساتھ دے رہے ہیں۔
اہم بات یہ ہے کہ آخری ٹیسٹ میں پاکستان نے تین کھلاڑیوں کو ڈیبیو کرایا ہے۔ وکٹ کیپر غازی غوری، فاسٹ بولر رضا اللہ اور عمران رندھاوا کو فائنل الیون میں شامل کیا گیا ہے۔
لیکن ڈیبیو کرنے والے غازی غوری اور عمران رندھاوا بھی بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے۔












