لاہور(پاک ترک نیوز )پاکستان کسان اتحاد کے چیئرمین خالد حسین باٹھ نے کسانوں کے مسائل اور ناقص زرعی پالیسیوں کے خلاف 25 ستمبر کو اسلام آباد میں پارلیمنٹ کے سامنے احتجاج کا اعلان کردیا ہے۔
خالد حسین باٹھ کا کہنا ہے کہ کسانوں کے تین سالہ معاشی نقصان کا ازالہ اور زرعی پالیسیوں میں بہتری کے لیے ملک گیر احتجاج کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے استعفے تک کسان واپس نہیں جائیں گے، کسانوں کے حقوق کے لیے 25 ستمبر کا احتجاج ہر صورت اسلام آباد پہنچے گا۔
چیئرمین کسان اتحاد کے مطابق 25 ستمبر کے احتجاج کے اعلان کے بعد ملک یاسین جھجھ کے خلاف دو ایف آئی آرز درج کی گئیں، جسے کسان اتحاد انتقامی کارروائی قرار دیتا ہے۔
خالد حسین باٹھ نے سوال اٹھایا کہ پانی چوری کی نشاندہی کرنے والے ملک یاسین جھجھ کو ہی مقدمے میں نامزد کیوں کیا گیا، اصل ذمہ داروں کا تعین کیوں نہیں ہوا؟
انہوں نے الزام عائد کیا کہ مریم نواز نے کسانوں کو مقدمات اور 50 کروڑ روپے کے دعوے سے ڈرانے کی کوشش کی، تاہم کسان نہ ایف آئی آر سے ڈریں گے اور نہ ہی کسی دعوے سے۔











