ریاض ( پاک ترک نیوز) سعودی پرو لیگ کے میچ میں لیورپول اور پرتگال کے سابق فٹبالر دیوگو ژوتا کے نام پر مبینہ نعرے لگانے والے شائقین کے خلاف کرسٹیانو رونالڈو نے سخت کارروائی کا مطالبہ کردیا۔
سعودی عرب کے شہر بریدہ میں التعاؤن اور الہلال کے درمیان میچ کے دوران الہلال کے پرتگالی کھلاڑی روبن نیویس کو شائقین کی جانب سے دیوگو ژوتا کے نام کے نعرے سننے پڑے۔دیوگو ژوتا روبن نیویس کے قریبی دوست تھے اور گزشتہ برس ایک ٹریفک حادثے میں اپنے بھائی آندرے سلوا کے ہمراہ جان کی بازی ہار گئے تھے۔ روبن نیویس ان کی آخری رسومات میں تابوت اٹھانے والوں میں بھی شامل تھے۔
یہ بھی پڑھیں: امریکا کا خلا میں پہلا جنگی ہتھیار تعینات کرنے کا اعلان، چین اور روس کے لیے بڑا انتباہ
میچ کے دوران سامنے آنے والی ویڈیو میں بظاہر شائقین کو ’’ژوتا‘‘ کے نعرے لگاتے سنا گیا۔ روبن نیویس نے ردعمل میں پہلے اپنی آنکھ کی طرف اشارہ کیا اور پھر آسمان کی جانب دیکھا۔میچ کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے روبن نیویس نے کہا کہ ’’امید ہے یہ لوگ بعد میں دعا کرنے نہیں جائیں گے۔‘‘واقعے پر کرسٹیانو رونالڈو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ لیگ کو اس طرح کے شائقین کے رویے کے خلاف کارروائی اور سزا دینی چاہیے۔رونالڈو نے واضح کیا کہ یہ اب کھیل نہیں رہا، اس کی بھی ایک حد ہونی چاہیے، ایسے رویے کا مظاہرہ کرنے والوں کو دوبارہ کبھی کسی اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔
میچ میں الہلال نے التعاؤن کو یکطرفہ مقابلے کے بعد چھ صفر سے شکست دی، جبکہ روبن نیویس نے 75 منٹ تک کھیل میں حصہ لیا اور بعد ازاں انہیں میدان سے باہر بلا لیا گیا۔












