اسلام آباد( پاک ترک نیوز) وزیراعظم شہباز شریف سے پاکستان میں تعینات آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف نے الوداعی ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ بھی موجود تھیں۔
وزیراعظم نے خضر فرہادوف کی سفارتی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی تعیناتی کے دوران پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان سیاسی، تجارتی، اقتصادی، دفاعی، ثقافتی اور عوامی روابط کو مزید مضبوط بنانے میں نمایاں پیش رفت ہوئی۔ انہوں نے بالخصوص دونوں ممالک کے درمیان براہِ راست پروازوں کے آغاز میں سفیر کے کردار کو قابلِ تحسین قرار دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے آذربائیجان کے صدر الہام علییف کے لیے اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان آذربائیجان کے ساتھ اپنے برادرانہ اور اسٹریٹجک تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ سفیر خضر فرہادوف کے دورِ تعیناتی میں رکھی گئی مضبوط بنیاد مستقبل میں بھی دونوں ممالک کے تعلقات کو نئی وسعت دینے میں معاون ثابت ہوگی۔
وزیراعظم نے سفیر خضر فرہادوف کے لیے مستقبل کی ذمہ داریوں میں نیک خواہشات اور کامیابی کی دعا بھی کی۔
یہ بھی پڑھیں: صدر مملکت اور وزیراعظم کی دہشت گردوں کی ہلاکت پر سکیورٹی فورسز کی پذیرائی
اس موقع پر سفیر خضر فرہادوف نے اپنی سفارتی ذمہ داریوں کے دوران حکومتِ پاکستان اور پاکستانی عوام کی جانب سے ملنے والی گرمجوشی، مہمان نوازی اور بھرپور تعاون پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے پاکستان میں اپنی تعیناتی کو اپنے سفارتی کیریئر کا ایک یادگار اور قابلِ فخر باب قرار دیتے ہوئے پاکستان کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید گہرا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
ملاقات کے اختتام پر سفیر خضر فرہادوف نے وزیراعظم شہباز شریف کو اپنے خاندان کے پاکستان میں قیام کے تجربات پر مبنی ایک کتاب بھی بطور تحفہ پیش کی۔












