اسلام آباد (پاک ترک نیوز )وزیراعظم شہباز شریف نے ملک بھر میں دانش اسکولز کی تعمیر کا کام تیز کرنے اور تعمیراتی سرگرمیاں 24 گھنٹے جاری رکھنے کی ہدایت کر دی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت دانش اسکولز کی تعمیر کی پیش رفت کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا، جس میں گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر، سندھ اور بلوچستان میں دانش اسکولز کی تعمیر سے متعلق بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہمارے بچے ملک کا مستقبل ہیں اور دانش اسکولز ملک کے روشن مستقبل میں سرمایہ کاری ہیں۔ دانش اسکولز کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ قابل قبول نہیں ہوگا۔
انہوں نے واضح کیا کہ دانش اسکولز میں صرف انتہائی غریب اور مستحق گھرانوں کے بچوں کو میرٹ کی بنیاد پر داخلہ دیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف دسمبر کے پہلے ہفتے روس کا سرکاری دورہ کریں گے
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ دانش اسکولز میں طلبہ کی تعلیم و تربیت کے لیے مصنوعی ذہانت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی پر مبنی جدید طریقہ کار اپنایا جائے، جبکہ اسکولوں کے بنیادی ڈھانچے، سہولیات اور خدمات کے معیار کی جانچ کے لیے تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن بھی یقینی بنائی جائے۔
شہباز شریف نے وزارت مواصلات کو گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں دانش اسکولز تک آسان رسائی کے لیے سڑکوں کا بہترین نظام قائم کرنے کی ہدایت کی، جبکہ خیبر پختونخوا کے ضم شدہ اضلاع میں دانش اسکولز کی تعمیر کے لیے حکمت عملی جلد پیش کرنے کا حکم بھی دیا۔
اجلاس میں وفاقی وزراء احسن اقبال، احد خان چیمہ، عطاء اللہ تارڑ، شزا فاطمہ خواجہ، ڈاکٹر مصدق مسعود ملک اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شریک ہوئے۔ اجلاس بذریعہ زوم منعقد کیا گیا۔












