اسلام آباد(پاک ترک نیوز ) وزیراعظم شہباز شریف سے چینی کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے بین الاقوامی محکمے کے وزیر لیو ہائی شینگ نے اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں پاک چین دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے چینی وزیر اور ان کے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان آہنی دوستی اور ہر آزمائش پر پوری اترنے والی تزویراتی شراکت داری قائم ہے۔ دونوں ممالک کے تعلقات باہمی اعتماد، احترام اور عوامی روابط کی مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں۔
شہباز شریف نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے سیاسی قیادت کے درمیان مسلسل روابط اور سیاسی جماعتوں کے مابین تبادلوں کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے پاک چین تعلقات کے فروغ میں چینی کمیونسٹ پارٹی کے بین الاقوامی محکمے کے کردار کو بھی سراہا۔
وزیراعظم نے تجارت، سرمایہ کاری، علاقائی روابط، بنیادی ڈھانچے کی ترقی، اطلاعاتی ٹیکنالوجی اور زرعی شعبے میں جدید تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ملاقات کے دوران چینی وزیر لیو ہائی شینگ نے چینی قیادت کی جانب سے وزیراعظم شہباز شریف کے لیے نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا اور پاکستان کے ساتھ دیرینہ دوستی مزید گہری کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا اور دوطرفہ و کثیرالجہتی فورمز پر قریبی رابطے اور تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
ملاقات کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے چینی مہمان اور ان کے وفد کے اعزاز میں عشائیے کا بھی اہتمام کیا۔










