لاہور(پاک ترک نیوز )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کو پنجاب میں کرپشن سے متعلق بیان پر قانونی نوٹس بھجوا دیا۔
مریم نواز نے اٹک میں طلبہ سے خطاب کے دوران اعلان کیا تھا کہ چوہدری سالک حسین پنجاب حکومت پر کرپشن کے الزامات لگانے کے بجائے ثبوت پیش کریں، بصورت دیگر انہیں عدالت لے کر جائیں گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ چوہدری سالک وفاقی وزیر ہیں، انہیں الزامات لگانے کے بجائے شواہد سامنے لانے چاہئیں۔ اگر وہ اپنے الزامات ثابت نہ کر سکے تو انہیں قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ جو شخص سفارش پر آتا ہے وہ ملک اور عوام کا بیڑا غرق کرتا ہے۔ وہ ماضی کی باتیں نہیں کرنا چاہتیں بلکہ خرابیوں کی نشاندہی کے بجائے مسائل کے حل کے لیے آئی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنی کارکردگی کی رپورٹ لے کر عوام کے پاس آتی ہیں، لوگ رپورٹ دیکھیں اور خود فیصلہ کریں۔
دوسری جانب وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے مریم نواز کے اقدام پر ردعمل دیتے ہوئے پنجاب میں کرپشن سے متعلق اپنے بیان پر قائم رہنے کا اعلان کیا ہے۔
چوہدری سالک حسین کا کہنا تھا کہ پنجاب میں کرپشن ہو رہی ہے اور وہ اپنے بیان پر قائم ہیں، اللہ تعالیٰ غرور اور تکبر سے بچائے۔
وفاقی وزیر نے وضاحت کی کہ ڈی سی لگوانے کی کوئی بات نہیں تھی، ڈی سی پہلے ہی تعینات تھا اور ان معاملات کا تعلق صوبوں کے حوالے سے نہیں ہے۔
چوہدری سالک حسین نے مزید کہا کہ انسان کے پاس جب اختیار آتا ہے تو اسے عاجزی اختیار کرنی چاہیے، انہوں نے سچائی کے ساتھ جواب دیا ہے اور پنجاب میں کرپشن کے حوالے سے ان کا مؤقف بالکل واضح ہے۔












