لاہور(پاک ترک نیوز ) خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی کی زیر صدارت پنجاب سے تعلق رکھنے والے پارلیمینٹیرینز کا اہم اجلاس ہوا۔
اجلاس میں لاہور میں اسٹریٹ موومنٹ کے حوالے سے عوامی رابطہ مہم بھرپور انداز میں جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔
وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لاہور کے عوام خود سڑکوں پر نکلے، ان کی جماعت نے کسی کو کوئی پلان نہیں دیا۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ لوگوں کے گھروں پر دھاوے بولے جا رہے ہیں اور بچوں کو اغوا کیا جا رہا ہے۔
اجلاس کے شرکا نے بھی حکومتی اقدامات پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گھروں میں خوف کے ماحول میں رہنے سے بہتر ہے کہ جیل چلے جائیں۔ شرکا کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام کو خوفزدہ کرکے نہیں رکھا جا سکتا۔
وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے عاشق رسول اشتیاق احمد کی پنجاب پولیس کے ہاتھوں مبینہ ہلاکت کو بھی ناقابل قبول قرار دیا۔
یہ بھی پڑھیں : سہیل آفریدی کی لاہورپولیس کے ہاتھوں گرفتاری اور رہائی
ان کا کہنا تھا کہ اشتیاق احمد میلاد کی تیاریوں میں مصروف تھے اور پنجاب پولیس نے انہیں گرم تیل کی کڑھائی میں پھینک کر شہید کر دیا۔
وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ 27 ستمبر کو حقیقی آزادی کی جدوجہد میں کامیابی حاصل کریں گے اور پوری قوم گھروں سے باہر نکلے گی۔
اجلاس میں ایم پی اے اویس ورک، میاں ہارون اکبر، میاں ارقم خان، شیخ امتیاز، ہمبل کریمی، حسن ملک، علی آصف بگا، ایم این اے بریگیڈیئر اسلم گھمن، خرم ورک، معین قریشی اور سینیٹر عون بپی سمیت دیگر قائدین نے شرکت کی۔
اجلاس میں لاہور میں سیاسی سرگرمیوں اور عوامی رابطہ مہم کو مزید تیز کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔












