لاہور (پاک ترک نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے پاکستان میں فرانس کے نئے سفیر ژاں نوئل پواریے نے اہم ملاقات کی، جس میں پاکستان اور فرانس کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، صنعتی تعاون اور معاشی تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے فرانسیسی سفیر کا پرتپاک استقبال کیا اور نئی سفارتی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارک باد دی۔ ملاقات میں پنجاب اور فرانس کے درمیان تجارت کے نئے مواقع تلاش کرنے اور دوطرفہ تعلقات کو مضبوط ادارہ جاتی بنیادوں پر استوار کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
مریم نواز نے فرانسیسی سرمایہ کاروں کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت پنجاب میں زراعت، صنعت اور لائیو اسٹاک کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی، جبکہ صوبے کے بڑے شہروں میں شہری گندے پانی کے انتظام سے متعلق منصوبوں میں بھی تعاون کی پیشکش کی۔
ملاقات میں جی ایس پی پلس کے معاملات پر بھی گفتگو ہوئی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ جی ایس پی پلس پاکستان کی برآمدات اور پنجاب کی صنعتی معیشت کے لیے انتہائی اہم ہے۔ ٹیکسٹائل، کھیلوں کے سامان اور چمڑے کی صنعتوں کے لیے یورپی منڈیوں تک ترجیحی رسائی ناگزیر ہے۔
مریم نواز نے یورپی یونین میں پاکستان کے تجارتی مفادات کے تحفظ میں فرانس کے تعاون کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ جی ایس پی پلس کے نئے نظام کے تقاضوں سے ہم آہنگی پاکستان کے برآمدی مستقبل کے لیے ضروری ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اسٹارلنک کا نیا نظام، انٹرنیٹ بل میں 20 فیصد تک اضافہ ممکن
وزیراعلیٰ نے پنجاب میں این ٹی ڈی سی کی ٹرانسمیشن لائنوں اور گرڈ اسٹیشنوں کے لیے 18 کروڑ یورو قرض فراہم کرنے پر بھی فرانس کا شکریہ ادا کیا۔
ملاقات کے دوران فرانسیسی سفیر نے تجارتی تعلقات کے فروغ کے لیے مریم نواز کو فرانس کے دورے کی دعوت بھی دی، جس پر وزیراعلیٰ نے ان کا شکریہ ادا کیا۔












