جکارتہ ( پاک ترک نیوز) ملائیشیا کی فضائیہ کے لیے جنوبی کوریا میں تیار کردہ پہلے دو ایف اے 50 ایم ہلکے لڑاکا طیارے کوانتان ایئر بیس پہنچ گئے۔طیاروں نے 29 اکتوبر کو جنوبی کوریا کے شہر ساچیون سے پرواز شروع کی اور راستے میں جیجو، فلپائن کے شہر لاؤگ اور لابوان میں قیام کیا۔طیاروں کو جنوبی کوریا کی کمپنی کے پائلٹس نے اڑایا، جبکہ ملائیشین فضائیہ کے نمبر 15 اسکواڈرن کے کمانڈنگ آفیسر میجر جمیل آوانگ اور ایگزیکٹو آفیسر میجر اشرف وہاب بھی ان کے ہمراہ تھے۔
یہ بھی پڑھیں: پی آئی اے کا پہلا بوئنگ 787-9 ڈریم لائنر اسلام آباد پہنچ گیا
ملائیشین فضائیہ کے مطابق دونوں طیارے نومبر کے آخر میں باضابطہ طور پر وصول کیے جانے سے قبل آخری مرحلے کے ٹیسٹ سے گزریں گے۔ملائیشیا نے کوریا ایرو اسپیس انڈسٹریز سے تقریباً 4 ارب ملائیشین رنگٹ مالیت کے 18 ایف اے 50 ایم بلاک 20 طیارے خریدنے کا معاہدہ کیا ہے۔یہ طیارے پائلٹس کی جنگی تربیت اور ہلکے لڑاکا مشنز کے لیے استعمال ہوں گے اور پرانے بی اے ای ہاک طیاروں کی جگہ لیں گے، جنہیں 2028 تک مکمل طور پر فضائی بیڑے سے نکالنے کا منصوبہ ہے۔منصوبے کے تحت اپریل تک مزید چار طیارے ملنے کی توقع ہے، جبکہ باقی طیارے 2028 کے اوائل تک مرحلہ وار فراہم کیے جائیں گے۔ تمام ایف اے 50 ایم طیارے کوانتان ایئر بیس پر تعینات نمبر 15 اسکواڈرن کے زیرِ استعمال ہوں گے۔












