اہور(پاک ترک نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نو منتخب صدر علی حسام نے ملاقات کی، جس میں خواجہ شاہزیب اکرم اور خواجہ وسیم افضل بھی موجود تھے۔
ملاقات میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے علی حسام کو لاہور چیمبر آف کامرس کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔ اس موقع پر تاجر برادری کی فلاح و بہبود، کاروباری مسائل کے حل اور پنجاب میں صنعتی ترقی کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
لاہور چیمبر آف کامرس کے وفد نے کاروباری برادری سے متعلق تجاویز اور سفارشات پیش کیں، جس پر وزیراعلیٰ نے قابلِ عمل تجاویز پر عمل درآمد کی یقین دہانی کرائی۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ تاجر برادری کے مسائل حل کرنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔ پنجاب کو کاروبار دوست صوبہ بنانے کے لیے ڈیجیٹلائزیشن کا عمل تیز کیا جا رہا ہے، جبکہ تاجروں، صنعت کاروں اور سرمایہ کاروں کی سہولت کے لیے ای بز متعارف کرایا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: دیر کالونی اسکول حادثہ، انکوائری رپورٹ گورنر خیبرپختونخوا کو پیش
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ صنعتی ترقی کی راہ میں سرخ فیتے کی رکاوٹیں دور کی جا رہی ہیں۔
لاہور چیمبر آف کامرس کے صدر علی حسام نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی عوام دوست اقدامات اور امن و امان کے قیام کے لیے کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ اور ان کی ٹیم پنجاب میں مثالی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔
خواجہ شاہزیب اکرم نے بھی کہا کہ مریم نواز شریف دن رات محنت کرکے پنجاب کو مثالی صوبہ بنانے کے لیے کوشاں ہیں۔












