اسلام آباد( پاک ترک نیوز) ) پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کا پہلا بوئنگ 787-9 ڈریم لائنر اتوار کو لندن سے اسلام آباد پہنچ گیا، جسے قومی ایئرلائن کی بحالی اور بین الاقوامی آپریشنز میں توسیع کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔طیارہ لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ سے پرواز پی کے 786 کے ذریعے اسلام آباد پہنچا، جہاں پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایئر وائس مارشل عامر حیات اور ان کی ٹیم نے اس کا استقبال کیا۔
یہ طیارہ ناروے کی ایئرلائن نورس اٹلانٹک ایئرویز سے ویٹ لیز معاہدے کے تحت حاصل کیا گیا ہے، جس کے تحت طیارے کے ساتھ عملہ، دیکھ بھال اور انشورنس کی ذمہ داری بھی فراہم کرنے والی ایئرلائن کی ہوگی۔پاکستان ایئرکرافٹ اونرز اینڈ آپریٹرز ایسوسی ایشن کے مطابق ڈریم لائنر کی آمد پی آئی اے کی بحالی میں اہم سنگِ میل ہے۔ اس سے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان فضائی رابطوں کو بہتر بنانے اور بیرونِ ملک پاکستانیوں کو سفری سہولیات فراہم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔ایسوسی ایشن نے واضح کیا کہ جدید طیاروں کا حصول ہی کافی نہیں، بلکہ پروازوں کی بروقت روانگی، بہتر کسٹمر سروس، جدید بکنگ نظام اور مسافروں کا اعتماد بحال کرنا بھی ضروری ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سونے اور چاندی کی قیمت میں مزید اضافہ
واضح رہے کہ اکتوبر میں پی آئی اے نے نورس اٹلانٹک ایئرویز کے ساتھ دو بوئنگ 787-9 ڈریم لائنرز کے حصول کا معاہدہ کیا تھا۔ ان طیاروں کا مقصد طویل فاصلے کی پروازوں کی صلاحیت بڑھانا اور برطانیہ سمیت بین الاقوامی روٹس پر آپریشنز کو وسعت دینا ہے۔پی آئی اے نے مارچ میں چھ سال کے وقفے کے بعد لندن کے لیے براہِ راست پروازیں بھی بحال کی تھیں۔












