اسلام آباد ( پاک ترک نیوز) گریڈ 17 اور اس سے اوپر کے سرکاری افسران کے اثاثوں کے گوشوارے جمع کرانے کا نظام ڈیجیٹل کردیا گیا، اب افسران دستی گوشواروں کے بجائے اپنے اثاثوں کی تفصیلات آن لائن جمع کرائیں گے۔اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے ایف بی آر کے تعاون سے نیا ڈیجیٹل نظام نافذ کردیا ہے، جبکہ اثاثوں کے گوشوارے جمع کرانے کے لیے ایف بی آر کا آن لائن پورٹل بھی فعال کردیا گیا ہے۔اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے سرکاری افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے اثاثوں کے گوشوارے 30 اکتوبر تک آن لائن جمع کرائیں، جبکہ جمع کرائے گئے گوشواروں میں کسی غلطی کی اصلاح کے لیے 30 نومبر تک مہلت دی گئی ہے۔
اثاثوں کے گوشوارے جمع کرانے کے لیے ایف بی آر کے آن لائن پورٹل پر اکاؤنٹ بنانا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ اکاؤنٹ بنانے کے لیے افسران کو اپنا ذاتی ای میل پتہ فراہم کرنا ہوگا۔ایوانِ صدر، وزیراعظم آفس اور تمام وزارتوں کو بھی نئے ڈیجیٹل نظام سے آگاہ کردیا گیا ہے۔نئے نظام کے تحت ایف بی آر سرکاری افسران کے اثاثوں کی خطرے کی بنیاد پر جانچ کرے گا۔ اثاثوں سے متعلق غلط بیانی کرنے یا معلومات چھپانے والے افسران کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی۔اثاثوں کے گوشوارے جمع نہ کرانے والے سرکاری افسران بھی کارروائی سے نہیں بچ سکیں گے۔حکام کے مطابق سرکاری افسران کے اثاثوں کے گوشواروں کے منتخب غیرحساس حصے ایف بی آر کی ویب سائٹ پر شائع کیے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ایرانی وزیر خارجہ کا ٹیلی فونک رابطہ
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے مطابق اثاثوں کے گوشواروں کی وصولی، جانچ اور نگرانی کے لیے آن لائن نظام قائم کرنے کا مقصد سرکاری افسران کے اثاثوں کی تفصیلات میں شفافیت بڑھانا اور نگرانی کے نظام کو مزید مؤثر بنانا ہے۔گریڈ 17 اور اس سے اوپر کے تمام سرکاری افسران کے لیے آن لائن اثاثہ جات گوشوارے جمع کرانا لازمی ہوگا، جبکہ ڈیجیٹلائزیشن کے اس عمل کو سرکاری افسران کے احتساب اور اثاثوں کی نگرانی کے نظام میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔












