راولپنڈی(پاک ترک نیوز ) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ہیڈکوارٹر اسپیشل سروسز گروپ (ایس ایس جی) تربیلا کا دورہ کیا، جہاں انہیں اسپیشل فورسز کی تربیت اور آپریشنل تیاریوں سے متعلق بریفنگ دی گئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے دورے کے دوران شہداء کی یادگار پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ انہوں نے ایس ایس جی کے شہداء کو خراج عقیدت بھی پیش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کو ایس ایس جی کی خصوصی تربیت، آپریشنل تیاریوں اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر فیلڈ مارشل نے جدید آلات کی نمائش اور جنگی مہارتوں کا عملی مظاہرہ بھی دیکھا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایس ایس جی کے جوانوں کی مہارت، پھرتی اور درستگی کو قابلِ تعریف قرار دیتے ہوئے افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور بلند حوصلے کو سراہا۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے مسلسل تربیت اور اعلیٰ سطح کی آپریشنل تیاری ناگزیر ہے۔











