پشاور( پاک ترک نیوز ) انسدادِ دہشت گردی عدالت نے 9 مئی ریڈیو پاکستان حملہ کیس میں نامزد ملزمان کی ضمانت کی درخواستوں پر دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا۔سماعت کے دوران ریڈیو پاکستان کے وکیل عدالت میں پیش ہوئے۔ انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ موجودہ ڈائریکٹر ریڈیو پاکستان طفیل 9 مئی کے واقعے کے وقت پروگرام منیجر تھے۔
ریڈیو پاکستان کے وکیل کے مطابق نادرا اور پنجاب فرانزک لیبارٹری نے ویڈیوز میں ملزمان کی شناخت کی تصدیق کی، جس کے بعد پولیس نے انہیں چالان میں نامزد کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملزمان کی ویڈیوز اب بھی سوشل میڈیا پر موجود ہیں۔سماعت کے دوران 9 مئی کے احتجاج اور واقعے کی ویڈیوز بھی عدالت میں چلائی گئیں، جن میں تیمور جھگڑا، کامران بنگش اور عرفان احتجاج کے دوران دکھائی دیے۔
ملزمان کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ویڈیوز میں ان کے موکلین کو توڑ پھوڑ کرتے ہوئے نہیں دیکھا جا سکتا۔اس پر ریڈیو پاکستان کے وکیل نے کہا کہ استغاثہ کا مؤقف یہ ہے کہ ملزمان نے عوام کو احتجاج اور انتشار پر اکسایا۔ ان کے مطابق رہنماؤں کا کردار عوام کو اشتعال دلا کر احتجاج کے لیے باہر نکالنا بھی ہوتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: نئے انتظامی یونٹس پر جلد ریفرنڈم کرایا جائے، فاروق ستار کا مطالبہ
فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر عدالت نے ملزمان کی ضمانت کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔












