نیو یارک ( پاک ترک نیوز) خلائی تحقیق کے میدان میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، ناسا اور یورپی شراکت داروں کا تیار کردہ سیٹلائٹ سینٹینل 6 بی سمندر کی سطح میں اضافے کی نگرانی کے لیے عالمی معیار کا بنیادی ڈیٹا فراہم کرنے کے لیے تیار ہوگیا ہے۔ناسا کے مطابق 30 اکتوبر تک سیٹلائٹ کی تمام ابتدائی جانچ اور کیلیبریشن مکمل کرلی گئی تھی، جس کے بعد اس کے ڈیٹا کو معیار اور درستگی کے سخت تقاضوں کے مطابق قرار دیا گیا۔ آئندہ جنوری میں یہ سیٹلائٹ دنیا بھر کے دیگر سمندری سطح کی پیمائش کرنے والے مشنز کے لیے بنیادی حوالہ بن جائے گا، جس کی مدد سے دوسرے سیٹلائٹس کے ڈیٹا کی درستگی جانچی اور بہتر بنائی جا سکے گی۔اس وقت یہ ذمہ داری اس کے پیشرو سیٹلائٹ سینٹینل 6 مائیکل فریلیچ کے پاس ہے۔ دونوں سیٹلائٹس مل کر سمندروں کی انتہائی درست پیمائش فراہم کریں گے، جس سے سمندری طوفانوں کی پیش گوئی بہتر بنانے، ساحلی تنصیبات اور بنیادی ڈھانچے کے تحفظ اور بحری جہاز رانی سمیت مختلف تجارتی شعبوں کو فائدہ پہنچے گا۔
سینٹینل 6 بی کو 16 نومبر 2025 کو ناسا اور یورپی شراکت داروں نے خلا میں روانہ کیا تھا۔ مستقبل قریب میں اس کا پیشرو سیٹلائٹ اپنے موجودہ مدار سے تبدیل ہوکر اس کے ساتھ ایک نئے مدار میں کام کرے گا، جس سے دونوں مل کر پہلے سے زیادہ تفصیلی ڈیٹا فراہم کر سکیں گے۔یہ سیٹلائٹس جدید ریڈار الٹی میٹر کی مدد سے سمندر کی سطح، لہروں کے حجم اور سمندری ہواؤں کی رفتار کی پیمائش کرتے ہیں۔ یہ نظام ہر سیکنڈ میں ہزاروں ریڈار سگنلز سمندر کی سطح کی جانب بھیجتا ہے اور واپس آنے والے سگنلز کا وقت ریکارڈ کرکے سمندر کی بلندی کا تعین کرتا ہے۔ماہرین کے مطابق سمندر کی سطح میں تبدیلی پانی کے درجہ حرارت اور اس کے حجم سے متعلق اہم معلومات فراہم کرتی ہے، کیونکہ گرم پانی پھیلتا ہے اور اس کے نتیجے میں سمندر کی سطح بلند ہوسکتی ہے۔دونوں سیٹلائٹس بحرالکاہل میں ال نینو کے ممکنہ غیر معمولی اثرات کا جائزہ لینے میں بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ ال نینو ایک قدرتی سمندری موسمیاتی عمل ہے جس میں وسطی اور مشرقی بحرالکاہل کا پانی معمول سے زیادہ گرم ہوجاتا ہے، جس کے اثرات دنیا بھر کے موسموں پر مرتب ہوتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: 9 مئی ریڈیو پاکستان حملہ کیس، تیمور جھگڑا سمیت ملزمان کی ضمانت درخواستوں پر فیصلہ محفوظ
سائنس دان ان سیٹلائٹس سے حاصل ہونے والے ڈیٹا کی مدد سے ال نینو کے باعث سمندر کی سطح میں ہونے والی تبدیلیوں اور عالمی سطح پر سمندری بلندی کے طویل مدتی رجحانات کا مطالعہ کر سکیں گے۔سینٹینل 6 بی اور سینٹینل 6 مائیکل فریلیچ مشترکہ طور پر کوپرنیکس سینٹینل 6 جیسن سی ایس مشن کا حصہ ہیں، جو 1990 کی دہائی کے آغاز سے سمندروں میں ہونے والی تبدیلیوں کی مسلسل نگرانی کرنے والے سیٹلائٹ مشنز کے سلسلے کو آگے بڑھا رہا ہے۔












