کراچی( پاک ترک نیوز)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سینئر رہنما فاروق ستار نے نئے انتظامی یونٹس کے قیام کے معاملے پر جلد از جلد ریفرنڈم کرانے کا مطالبہ کر دیا۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ آزادی کے بعد جہانگیر روڈ، مارٹن کوارٹرز اور دیگر علاقوں میں سرکاری ملازمین کو رہائش فراہم کی گئی تھی، تاہم متعدد ملازمین ریٹائرمنٹ کے باوجود سرکاری کوارٹرز سے بے دخل نہیں کیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ سرکاری کوارٹرز میں رہائش پذیر موجودہ اور ریٹائرڈ ملازمین کو مختلف مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ حکومت نے ان کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
فاروق ستار کا کہنا تھا کہ اگر ملازمین کو سرکاری کوارٹرز فراہم نہیں کیے جا سکتے تو انہیں کسی اچھی ہاؤسنگ سوسائٹی میں متبادل مکانات دیے جائیں۔ پانچ ہزار سے زائد ملازمین کا یہ مسئلہ تاحال حل طلب ہے۔
یہ بھی پڑھیں: تعلیم کے بغیر ترقی ممکن نہیں، وسائل کا زیادہ سے زیادہ حصہ تعلیم پر خرچ کرنا ہوگا، اسپیکر پنجاب اسمبلی
ایم کیو ایم رہنما نے مطالبہ کیا کہ ملازمین کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر رہائشی حقوق دیے جائیں اور سرکاری ملازمین کے لیے مختص رہائشی زمین ان سے واپس نہ لی جائے۔ انہوں نے کہا کہ بیواؤں اور یتیم بچوں کے ساتھ ناانصافی نہیں ہونے دیں گے۔
فاروق ستار نے واضح کیا کہ سرکاری کوارٹرز کے مکینوں کو بے دخل نہیں ہونے دیں گے اور نئے انتظامی یونٹس کے قیام سے پہلے سرکاری کوارٹرز میں رہائش پذیر ملازمین کا مسئلہ حل کیا جائے۔







