نئی دہلی (پاک ترک نیوز )بھارتی اداکار امیتابھ بچن کو اپنے نام، تصویر اور آواز کے غیر مجاز تجارتی استعمال کے خلاف قانونی جنگ میں بڑی کامیابی مل گئی، دہلی ہائی کورٹ نے ان کے شخصی حقوق کے مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے متعدد افراد اور اداروں کو ان کی اجازت کے بغیر نام، تصویر، آواز اور شخصیت کے دیگر پہلوؤں کے تجارتی استعمال سے مستقل طور پر روک دیا۔
جسٹس پُروشَیندر کمار کورَو نے فیصلہ سنایا۔ عدالت نے چار مدعا علیہان کے ساتھ معاملات طے ہونے کے بعد ان کے خلاف مقدمے کا فیصلہ امیتابھ بچن کے حق میں کردیا۔
راجت ناگی نے امیتابھ بچن کے نام سے ویڈیو کال کی موبائل ایپ تیار کی تھی، جبکہ منوج پبلی کیشنز نے ان کی تصویر پر مشتمل معلوماتی کتاب شائع کی تھی۔ اسی طرح تماتینا نامی ادارہ ان کی تصاویر والے پوسٹر فروخت کررہا تھا، جبکہ مہیش پٹیل نے امیتابھ بچن کے نام سے انٹرنیٹ ڈومین رجسٹر کروا رکھا تھا۔
عدالت کے مطابق ان افراد نے امیتابھ بچن کے تشہیری اور نجی حقوق کو تسلیم کرتے ہوئے آئندہ ان کی واضح اجازت کے بغیر نام، تصویر، آواز یا شخصیت کے کسی بھی پہلو کو استعمال نہ کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
عدالت نے ان چار دیگر مدعا علیہان کے خلاف بھی فیصلہ دیا جو عدالتی نوٹس موصول ہونے کے باوجود پیش نہیں ہوئے اور نہ ہی اپنا تحریری جواب جمع کرایا تھا۔
دہلی ہائی کورٹ نے نامعلوم افراد کو بھی اس حکم کے دائرے میں شامل کیا، جو ویب سائٹس، موبائل ایپلی کیشنز، پوسٹرز اور پیغامات کے ذریعے اداکار کی شخصیت کا غیر مجاز استعمال کررہے تھے۔
عدالت نے امیتابھ بچن کو یہ اجازت بھی دے دی کہ اگر مستقبل میں ان کے شخصی حقوق کی خلاف ورزی کا کوئی نیا معاملہ سامنے آتا ہے تو وہ دوبارہ قانونی کارروائی کرسکتے ہیں۔
واضح رہے کہ دہلی ہائی کورٹ نے نومبر 2022 میں بھی امیتابھ بچن کے شخصی حقوق کے تحفظ کے لیے عبوری حکم جاری کیا تھا، تاہم اب عدالت نے اس تحفظ کو مستقل عدالتی فیصلے کی شکل دے دی ہے۔












