کراچی (پاک ترک نیوز )کراچی کے نوجوان تاجر میر رضا علی کیس کی تحقیقات کے لیے سندھ حکومت نے جوڈیشل کمیشن کی ہدایت پر مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی۔ اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ڈی آئی جی ویسٹ عرفان بلوچ کو جے آئی ٹی کا کنوینر مقرر کیا گیا ہے، جبکہ ٹیم میں آئی ایس آئی، آئی بی، رینجرز اور قومی سائبر کرائم تحقیقاتی ادارے کے نمائندے شامل ہوں گے۔
جے آئی ٹی کراچی کے تھانے فیروز آباد میں درج مقدمہ نمبر 795/2026 کی تحقیقات کرے گی۔ تحقیقاتی ٹیم کو ذمہ دار افراد کی نشاندہی کرنے اور تحقیقات مکمل کرکے رپورٹ اور چالان متعلقہ عدالت میں جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
میر رضا علی کیس میں جسمانی، فرانزک اور ڈیجیٹل شواہد جمع کیے جائیں گے۔ موبائل فون، اسمارٹ واچ، سوشل میڈیا اور دیگر اکاؤنٹس کا ریکارڈ بھی تحقیقات کا حصہ ہوگا۔
سندھ حکومت نے تمام متعلقہ اداروں کو جے آئی ٹی کے ساتھ مکمل تعاون کرنے کی ہدایت کردی ہے۔












