اسلام آباد (پاک ترک نیوز )چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت اور علاج ان کا بنیادی حق ہے، ان کے طبی ٹیسٹ اور علاج کو یقینی بنایا جائے اور صحت سے متعلق خدشات کا فوری ازالہ کیا جائے۔
بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے چیف جسٹس آف پاکستان، چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت اور چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کے نام کھلا خط لکھ کر انصاف کی اپیل کی ہے۔ خط میں جن مسائل اور خدشات کا ذکر کیا گیا ہے وہ انتہائی سنجیدہ نوعیت کے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عدلیہ کا فرض ہے کہ اس خط کو درخواست تصور کرتے ہوئے انصاف فراہم کرے اور سپریم کورٹ کے 18 اگست 2026 کے حکم پر فوری عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔
دوسری جانب اپوزیشن لیڈر سینیٹ علامہ ناصر عباس سے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان نے ملاقات کی، جس میں بانی پی ٹی آئی سے ہونے والی ملاقات کی تفصیلات اور موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں بانی پی ٹی آئی کے چیف جسٹس صاحبان کو لکھے گئے خط، صحت، طبی سہولیات اور بنیادی انسانی حقوق سے متعلق تحفظات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
ملاقات کے شرکاء نے مطالبہ کیا کہ بانی پی ٹی آئی کو شفاء انٹرنیشنل ہسپتال اسلام آباد منتقل کرکے مکمل طبی سہولیات فراہم کی جائیں، اہل خانہ اور وکلاء سے ملاقاتوں کے حوالے سے تحفظات دور کیے جائیں اور عدالتی احکامات پر بلا تاخیر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔
شرکاء نے زور دیا کہ بانی پی ٹی آئی سمیت تمام سیاسی قیدیوں کو آئین اور قانون کے تحت بنیادی حقوق فراہم کیے جائیں۔











