واشنگٹن (پاک ترک نیوز)امریکا کے وسط مدتی انتخابات میں ڈیموکریٹک پارٹی کی کامیابی کے بعد نیویارک کے میئر ظہران ممدانی کا سیاسی اثر نمایاں ہونے لگا۔ ڈیموکریٹ امیدواروں نے ملک بھر میں مہنگائی، بڑھتے اخراجات اور عام شہریوں کی معاشی مشکلات کو انتخابی مہم کا مرکزی موضوع بنایا، جبکہ کئی امیدواروں نے ارب پتی طبقے اور واشنگٹن کے بااثر سیاست دانوں کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔
برطانوی اخبار دی گارڈین کی رپورٹ کے مطابق ٹیکساس سے کنساس تک ڈیموکریٹ امیدواروں نے ممدانی کے اس انتخابی انداز کو اپنایا جس میں نظریاتی بحث کے بجائے عام لوگوں کی روزمرہ زندگی کے مسائل، رہائش، بچوں کی دیکھ بھال اور اشیائے خورونوش کی بڑھتی قیمتوں پر توجہ دی گئی۔
ممدانی نے گزشتہ سال نیویارک کے میئر کا انتخاب اسی معاشی بیانیے کے ساتھ جیتا تھا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ان کے اس انداز سے صرف ترقی پسند امیدوار ہی نہیں بلکہ روایتی طور پر ریپبلکن جماعت کے مضبوط سمجھے جانے والے علاقوں کے اعتدال پسند ڈیموکریٹ امیدوار بھی متاثر ہوئے۔
ٹیکساس سے سینیٹ کی نشست جیتنے والے ڈیموکریٹ رہنما جیمز ٹالاریکو نے اپنے انتخابی پیغام میں کہا کہ امریکا کی سب سے بڑی تقسیم دائیں اور بائیں بازو کے درمیان نہیں بلکہ امیر اور غریب کے درمیان ہے۔ ان کے مطابق ارب پتی طبقہ عوام کی توجہ اصل مسائل سے ہٹانا چاہتا ہے۔
آئیووا سے سینیٹ کی نشست جیتنے والے جوش ٹورک نے بھی کہا کہ محنت کش طبقے کے لیے زندگی اس لیے مشکل ہو رہی ہے کیونکہ واشنگٹن میں بدعنوان اور عوام سے لاتعلق سیاست دان اپنے مفادات کے تحفظ میں مصروف ہیں۔
رپورٹ کے مطابق انتخابی نتائج میں ڈیموکریٹس نے ایوانِ نمائندگان میں ریپبلکنز پر برتری حاصل کی، جبکہ سینیٹ کی متعدد نشستیں بھی اپنے نام کیں۔ بعض حلقوں میں ووٹوں کی گنتی جاری ہونے کے باعث نتائج میں مزید تبدیلی کا امکان موجود تھا۔
امریکا کی ترقی پسند تنظیم ’’آور ریوولوشن‘‘ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر جوزف گیوارگیز کے مطابق وسط مدتی انتخابات میں ممدانی سے متاثر ایک تحریک دیکھنے میں آئی۔ ان کا کہنا تھا کہ ممدانی نے مہنگائی اور عام شہریوں کی معاشی مشکلات کو سیاسی بحث کا مرکزی موضوع بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
ممدانی کی انتخابی مہم کی ایک خاص بات سوشل میڈیا کا مؤثر استعمال بھی تھا۔ ان کے انتخابی پیغامات مختصر ویڈیوز اور تخلیقی انداز میں عوام تک پہنچائے گئے، جسے دوسرے ڈیموکریٹ امیدواروں نے بھی اپنایا۔
ممدانی نے ایک انٹرویو میں کہا کہ ڈیموکریٹس کو ایسی تبدیلی پر توجہ دینی چاہیے جو محنت کش امریکیوں کی زندگیوں میں فوری بہتری لائے۔ ان کے مطابق کرایہ، بچوں کی دیکھ بھال اور روزمرہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ایسے اقدامات ہیں جن کے اثرات عام شہری اپنی روزمرہ زندگی میں محسوس کر سکیں۔
سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق ڈیموکریٹس کی کامیابی میں ممدانی کا بیانیہ اہم ضرور تھا، تاہم مہنگائی کا مسئلہ پہلے ہی مختلف انتخابی مہمات کا حصہ بن چکا تھا۔ نیویارک سے تعلق رکھنے والے ڈیموکریٹک اسٹریٹجسٹ ٹرپ یانگ کا کہنا تھا کہ ممدانی کی مہم نے اس پیغام کو مقبول بنایا، لیکن یہ کہنا درست نہیں ہوگا کہ انتخابی کامیابی کی واحد وجہ وہی تھے۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد میں افسر کے گھر13سالہ گھریلو ملازمہ کی موت کی وجہ تشدد قرار
رپورٹ کے مطابق ممدانی نے مختلف طبقوں، خصوصاً تعلیم یافتہ پیشہ ور افراد اور کم آمدنی والے سروس سیکٹر کے کارکنوں کو مہنگائی اور معاشی عدم مساوات کے مشترکہ مسئلے پر متحد کرنے میں کامیابی حاصل کی۔












