اسلام آباد(پاک ترک نیوز ) ترجمان دفتر خارجہ سجاد حیدر خان نے کہا ہے کہ پاکستان ایران پر عائد تمام قابل اطلاق امریکی پابندیوں کی پاسداری کرتا ہے اور بین الاقوامی و ملکی قوانین کے مطابق پابندیوں کے تمام نظام پر عملدرآمد جاری رکھے گا۔
ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ نے ایران امریکا تنازع سے متعلق سوال پر کہا کہ پاکستان تمام متعلقہ فریقوں کے ساتھ مستقل اور تعمیری رابطے میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایران اور امریکا کے درمیان رابطوں میں سہولت کاری کا کردار ادا کر رہا ہے، دونوں ممالک کے درمیان تنازع کا حل مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے نکالنے کی ضرورت ہے۔
سجاد حیدر خان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایران اور امریکا پر اسلام آباد مفاہمتی معاہدے کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے پر زور دیتا ہے، مذاکرات اور سفارت کاری ہی تنازع کے پرامن حل کا قابل عمل راستہ ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے شنگھائی تعاون تنظیم سے متعلق بتایا کہ تنظیم کے تمام رکن ممالک کے قومی رابطہ کاروں کے اجلاس میں بھارت کا نمائندہ بھی اسلام آباد پہنچا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دو سال سے زائد عرصے کے بعد بھارت کے کسی سینئر عہدیدار کا پاکستان کا دورہ اہم پیش رفت ہے۔
صومالیہ میں پاکستانی شہریوں سے متعلق ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ پاکستانی سفارتی ٹیم زخمی پاکستانیوں کی عیادت اور جاں بحق افراد کی میتیں وطن واپس لانے کے لیے سرگرم ہے۔
انہوں نے کہا کہ صومالیہ میں پاکستانی سفارتخانے کے ناظم الامور زخمی پاکستانیوں سے مسلسل رابطے میں ہیں، جبکہ جاں بحق پاکستانیوں کی میتیں ایتھوپین ایئرلائن کے ذریعے پاکستان منتقل کی جائیں گی۔











