واشنگٹن ( پاک ترک نیوز) امریکی فضائیہ نے جدید ترین اسٹیلتھ بمبار طیارے بی 21 ریڈر سے روایتی ہتھیار گرانے کا کامیاب تجربہ کرلیا، جس کے بعد طیارے کی تیاری کا پروگرام محض پروازوں کی آزمائش سے آگے بڑھ کر عملی جنگی صلاحیتوں کے مرحلے میں داخل ہوگیا ہے۔
امریکی محکمہ فضائیہ کے مطابق گزشتہ ہفتے کیلیفورنیا کے ایڈورڈز ایئر فورس بیس سے اڑنے والے بی 21 طیارے نے ایک روایتی ہتھیار فائر کیا۔ تجربے کے دوران طیارے کے ڈیجیٹل ماڈلز اور جدید نظام نے توقعات کے مطابق کام کیا۔امریکی فضائیہ کے سیکریٹری ٹرائے مینک کا کہنا ہے کہ کامیاب تجربہ جدید ہتھیاروں کو تیزی سے طیارے میں شامل کرنے اور دفاعی صلاحیت بڑھانے کی استعداد کا ثبوت ہے۔ ان کے مطابق یہ طیارہ دشمن کے کسی بھی ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔بی 21 ریڈر کو جدید فضائی دفاعی نظاموں کو چکمہ دینے کے لیے تیار کیا گیا ہے، جبکہ یہ روایتی اور جوہری دونوں طرح کے ہتھیار لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: امریکا میں فضائی نظام کا بڑا بحران، ہزاروں مسافر ایئرپورٹس پر پھنس گئے، 15 ہزار سے زائد پروازیں متاثر
امریکی فضائیہ نے 2015 میں اسٹیلتھ بمبار کی تیاری کا ٹھیکہ دفاعی کمپنی نارتھروپ گرومن کو دیا تھا۔ حکام کے مطابق منصوبہ مقررہ وقت سے آگے چل رہا ہے اور پہلا آپریشنل طیارہ 2027 میں جنوبی ڈکوٹا کے ایلس ورتھ ایئر فورس بیس پہنچنے کی توقع ہے۔












