واشنگٹن ( پاک ترک نیوز) امریکا میں فضائی ٹریفک کنٹرول کے نظام میں خرابی کے باعث ہزاروں مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا، کئی گھنٹوں کی بندش کے بعد اندرون ملک پروازوں کی روانگی جزوی طور پر بحال کر دی گئی۔امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق ٹیلی کمیونی کیشن سسٹم میں تعطل کے باعث وفاقی حکام نے حفاظتی خدشات کے پیش نظر کئی گھنٹوں کے لیے پروازوں کی روانگی روک دی تھی۔ جمعے کے روز امریکا میں 15 ہزار سے زائد پروازیں تاخیر یا منسوخی کا شکار ہوئیں۔امریکی وزیر ٹرانسپورٹ شان ڈفی نے فضائی ٹریفک کنٹرول کے پرانے ٹیکنالوجی نظام اور روٹرز پر بڑھتے ہوئے دباؤ کو تعطل کی وجہ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ نظام کو جدید بنانے کے لیے کانگریس کو اضافی فنڈز فراہم کرنا ہوں گے، بصورت دیگر مستقبل میں بھی ایسی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: انڈر 19ایشیا کپ فائنل ،پاکستان نے بھارت کو 338رنز کا ہدف دیدیا
امریکی وزیر ہوم لینڈ سیکیورٹی مارک وین مولن نے وضاحت کی کہ پروازوں کی بندش امریکا کو لاحق کسی سیکیورٹی خطرے کے باعث نہیں تھی اور نہ ہی اس کا رواں ہفتے مائیکروسافٹ کے عالمی تعطل سے کوئی تعلق تھا۔شان ڈفی کے مطابق فضائی آپریشن معمول پر آنے میں وقت لگے گا، تاہم امید ہے کہ چند ہفتوں بعد تھینکس گیونگ کی تعطیلات کے دوران فضائی سفر متاثر نہیں ہوگا۔












