اسلام آباد (پاک ترک نیوز )پاکستانی وزیر موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک رواں ماہ بھارت کا دورہ کریں گے، تین سال سے زائد عرصے بعد کسی پاکستانی وفاقی وزیر کا یہ پہلا دورہ بھارت ہوگا۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے تصدیق کی ہے کہ مصدق ملک نئی دہلی میں شنگھائی تعاون تنظیم کے تہذیبی مکالمے کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔
اس سے قبل کسی پاکستانی وزیر کا بھارت کا آخری اعلیٰ سطحی دورہ مئی 2023 میں ہوا تھا، جب اس وقت کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بھارتی ریاست گوا میں شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کی تھی۔
شنگھائی تعاون تنظیم ایک علاقائی سیاسی اور سکیورٹی اتحاد ہے، جس میں چین اور روس سمیت 10 ممالک شامل ہیں۔
پاکستان اور بھارت کے تعلقات 2025 میں ہونے والی چار روزہ جنگ کے بعد سے کشیدہ ہیں، جسے کئی دہائیوں کے دوران دونوں ممالک کے درمیان بدترین فوجی تصادم قرار دیا گیا۔
مصدق ملک کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان موجودہ کشیدہ تعلقات کے تناظر میں اہم سفارتی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔












