تاشکند (پاک ترک نیوز )پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے ازبکستان کا سرکاری دورہ کیا، جہاں انہوں نے ازبک اعلیٰ عسکری قیادت سے اہم ملاقاتیں کیں۔
ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے ازبکستان کے وزیر دفاع لیفٹیننٹ جنرل بوتیر قدرات خودجائیف بہرامووچ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں علاقائی سیکیورٹی، موجودہ دفاعی تعلقات اور ادارہ جاتی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر ازبک وزیر دفاع نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت، آپریشنل صلاحیتوں اور جنگی تیاریوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔
سربراہ پاک فضائیہ نے ازبک نائب وزیر دفاع اور کمانڈر ایئر ڈیفنس و ایئر فورس میجر جنرل برخانوف اخمد جمولووچ سے بھی ملاقات کی۔
ملاقات میں مشترکہ فوجی مشقوں، پیشہ ورانہ تبادلوں اور استعداد کار میں اضافے کے ذریعے پاکستان اور ازبکستان کے دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔
ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ازبکستان کے درمیان دیرینہ اور برادرانہ تعلقات قائم ہیں۔
دونوں ممالک نے ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز میں تعاون بڑھانے اور آپریشنل تیاریوں کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔












