واشنگٹن (پاک ترک نیوز)مشرق وسطیٰ میں امریکا نے اپنی بحری طاقت میں مزید اضافہ کردیا، جوہری توانائی سے چلنے والا امریکی طیارہ بردار بحری جہاز یو ایس ایس تھیوڈور روزویلٹ سینٹرل کمانڈ کے آپریشنل علاقے میں پہنچ گیا، جس کے بعد خطے میں امریکی طیارہ بردار بحری جہازوں کے تین اسٹرائیک گروپس تعینات ہوگئے ہیں۔امریکی عہدیدار نے برطانوی اخبار کو طیارہ بردار بحری جہاز روزویلٹ کی آمد کی تصدیق کردی ہے، جبکہ نیویارک ٹائمز نے بھی اس سے قبل اطلاع دی تھی کہ امریکی بحری جہاز 24 گھنٹوں کے اندر مشرق وسطیٰ پہنچ جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: فرانس میں تاریخ کا بڑا سائبر حملہ، 2 کروڑ 20 لاکھ افراد کا ذاتی ڈیٹا چوری ہونے کا انکشاف
روزویلٹ کی آمد ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور خلیجی خطے میں بحری سلامتی کے حوالے سے خدشات بڑھ رہے ہیں۔دوسری جانب ایران نے اتوار کے روز بحرین میں امریکی ہیلی کاپٹر اڈے کو ڈرون حملے سے نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے، جسے کئی ہفتوں بعد کسی خلیجی ملک میں ایران کا پہلا حملہ قرار دیا جارہا ہے۔ایرانی سرکاری ٹی وی کے مطابق گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران پانچ بحری جہاز بارودی سرنگوں سے ٹکرانے کے بعد آگ کی لپیٹ میں آگئے، تاہم ان جہازوں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔
ادھر برطانوی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز کے مطابق بھارتی بحری حکام نے خلیج میں ایک آئل ٹینکر پر حملے کی اطلاع بھی دی ہے، تاہم واقعے میں جہاز کا عملہ محفوظ رہا۔












