اسلام آباد ( پاک ترک نیوز) وزارتِ تجارت نے دو ہزار چھبیس کے سیزن کے لیے آم کی برآمدات کے آغاز کی تاریخ بڑھا کر یکم جون کر دی،وزارت تجارت نے پاکستان ہارٹیکلچر ڈویلپمنٹ اینڈ ایکسپورٹ کمپنی کو معروف برآمد کنندگان کے ساتھ مل کر ریگولیٹری اور فائٹو سینیٹری معیارات پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کر دی ،وزارت تجارت نے کہا معروف برآمد کنندگانی یورپی منڈیوں کے لیے ویلیو ایڈیشن میں بھی اضافہ کریں ۔
وزارت تجارت کے مطابق برآمدی تاریخ اسٹیک ہولڈرز کی درخواست پر بڑھائی گئی ہے، جبکہ ایکسپورٹ پالیسی آرڈر 2 کے تحت دیگر تمام شرائط برقرار رہیں گی۔گزشتہ سال آم کی برآمدات 25 مئی سے شروع ہوئی تھیں، جبکہ رواں سیزن کے لیے ابتدا میں 10 مئی کی تاریخ زیر غور تھی۔
سندھ کے کاشتکاروں نے خبردار کیا تھا کہ موسمی حالات پھل کی پکنے کی رفتار اور ذائقے کو متاثر کر سکتے ہیں، اور جلد برآمدات کی صورت میں بھارت کو مارکیٹ میں برتری مل سکتی ہے۔
وزارت تجارت کے حکام کے مطابق طویل سردی اور حالیہ موسمی تبدیلیوں نے سندھری آم کے پکنے کے عمل کو متاثر کیا ، جس کے باعث برآمدی شیڈول میں تبدیلی ضروری ہو گئی تاکہ عالمی منڈیوں میں بھیجنے سے قبل پھل مطلوبہ حیاتیاتی پختگی اور معیار پر پورا اتر سکے۔










