تہران (پاک ترک نیوز )ایران کی پاسداران انقلاب نے خبردار کیا ہے کہ ملک کے خلاف کسی بھی محدود فوجی کارروائی کا جواب کئی گنا زیادہ شدت سے دیا جائے گا۔ ایرانی مسلح افواج ہر قسم کی کارروائی کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔
پاسداران انقلاب کے ترجمان حسین محبی نے اپنے بیان میں کہا کہ ایران کے خلاف ذرائع ابلاغ کے ذریعے دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ دھمکیاں دینے والے موجودہ حالات میں مؤثر فوجی کارروائی کرنے اور اپنے مقاصد حاصل کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے۔
حسین محبی کا کہنا تھا کہ ماضی کی فوجی کارروائیاں دہرانے کا انجام بھی شکست ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی مسلح افواج کی تیاری اور پہلے سے طے شدہ عملی منصوبوں کے باعث دشمن کی معمولی کارروائی کا جواب بھی کئی گنا زیادہ شدت سے دیا جائے گا۔












