کراچی (پاک ترک نیوز)کراچی میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کی ملکیتی قیمتی اراضی کے مستقبل سے متعلق اہم سوالات اٹھنے لگے ہیں۔ یونیورسٹی روڈ پر واقع بارہ سو گز سے زائد رقبے پر مشتمل بنگلہ خالی کرانے کے لیے کے ایم سی نے اپنے ایک افسر کو سات روز کا نوٹس جاری کر دیا ہے۔دستیاب تفصیلات کے مطابق بنگلہ خالی کرانے کے احکامات بلدیہ عظمیٰ کراچی کے اعلیٰ حکام کی منظوری سے جاری کیے گئے۔ دوسری جانب کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے بھی اس قیمتی اراضی کا قبضہ حاصل کرنے کے لیے کے ایم سی کو باقاعدہ خط ارسال کر دیا ہے۔
کے ڈی اے نے اپنے محکمہ اسٹیٹ کے ایک افسر کو اس معاملے میں رابطہ کار مقرر کر دیا ہے، جبکہ کے ایم سی سے بھی اپنا نمائندہ نامزد کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق اراضی کے ڈی اے کے حوالے کرنے کا مقصد اسے عوامی نیلامی کے ذریعے فروخت کرنا ہے۔دوسری جانب بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے سندھ ماسٹر پلان اتھارٹی کو بھی خط لکھ کر یونیورسٹی روڈ پر واقع بنگلے کی رہائشی حیثیت تبدیل کرکے تجارتی استعمال کی اجازت دینے کی درخواست کی جا چکی ہے۔تاہم میئر کراچی کا مؤقف ہے کہ کے ایم سی کی کوئی اراضی فروخت نہیں کی جا رہی۔ ان کے مطابق سرکاری رہائش گاہیں خالی کرانے کا مقصد ان کی دیکھ بھال اور نگہداشت پر آنے والے اخراجات کم کرنا ہے۔ میئر کراچی نے اسی مقام پر کے ایم سی ملازمین کے لیے کثیر المنزلہ عمارت تعمیر کرنے کے منصوبے پر غور کا بھی دعویٰ کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عدلیہ کا آزاد ہونا ضروری ہے، جسٹس جمال مندوخیل
ایک طرف ملازمین کے لیے عمارت تعمیر کرنے کا مؤقف سامنے آیا ہے تو دوسری جانب کے ڈی اے کی جانب سے قبضہ حاصل کرنے، عوامی نیلامی اور اراضی کی تجارتی حیثیت تبدیل کرنے سے متعلق خط و کتابت نے معاملے کو مزید اہم بنا دیا ہے۔












