اسلام آباد(پاک ترک نیوز ) سپریم کورٹ کے جسٹس جمال مندوخیل کی ریٹائرمنٹ کے اعزاز میں فل کورٹ ریفرنس منعقد ہوا، جس میں سپریم کورٹ کے ججز، اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان، بار نمائندگان اور قانونی افسران نے شرکت کی۔
اپنے اعزاز میں منعقدہ الوداعی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ وہ چاہتے تھے کہ آج بغیر تحریر کے اپنے دل کی بات کریں، تاہم ان کے ساتھی جج جسٹس شاہد وحید نے انہیں اپنے تاثرات تحریر کرکے پڑھنے پر قائل کیا۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ میں پانچ سال خدمات انجام دینے کے بعد اب خدا حافظ کہنے کا وقت آ گیا ہے۔ آج وہ جس مقام پر ہیں، اس میں ان کے والدین اور اساتذہ کا بنیادی کردار ہے۔
جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ ایک جج اپنے حلف کے بغیر کچھ نہیں ہوتا، جج کو اپنا حلف ہمیشہ یاد رکھنا چاہیے۔آزاد عدلیہ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ عدلیہ کا آزاد ہونا ضروری ہے، لیکن اسے آئین اور قانون کے تابع بھی ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ کسی جج کے کردار یا طرزِ عمل کا حتمی فیصلہ کرنے کا اختیار کسی ایک شخص کو حاصل نہیں ہوتا۔ جج کی قابلیت، دیانت داری اور کردار کا اصل معیار اس کے عدالتی فیصلے ہوتے ہیں۔
جسٹس جمال مندوخیل نے سقراط سے منسوب ایک قول کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایک جج میں چار خوبیاں ہونی چاہئیں۔ اسے تحمل اور خوش اخلاقی سے فریقین کی بات سننی چاہیے، دانشمندی سے جواب دینا چاہیے، سنجیدگی سے غور و فکر کرنا چاہیے اور غیر جانبداری کے ساتھ فیصلہ کرنا چاہیے۔
فل کورٹ ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان نے جسٹس جمال مندوخیل کی عدالتی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ جسٹس جمال مندوخیل کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: افغانستان میں کمانڈو تربیت حاصل کرنے والا خارجی پشاور سے گرفتار، خودکش حملہ آور تیار کرنے کا بھی انکشاف
اٹارنی جنرل نے بتایا کہ جسٹس جمال مندوخیل اسکول میں فٹ بال ٹیم کے کپتان رہے اور ان کی قیادت کی صلاحیتیں قانونی امور میں بھی برقرار رہیں۔ وہ اہم قانونی عہدوں پر فائز رہے اور بطور چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ بھی اہم فیصلے کیے۔ سپریم کورٹ کے جج کی حیثیت سے بھی ان کے کئی تاریخی فیصلے موجود ہیں۔
منصور عثمان اعوان کا کہنا تھا کہ جسٹس جمال مندوخیل نے دیوانی، ملازمت اور فوجداری مقدمات میں اہم فیصلے کیے۔






