کراچی(پاک ترک نیوز ) پاکستان میں جدید ٹیکنالوجی کے میدان میں ایک اور دلچسپ پیشرفت سامنے آگئی، کراچی کے ایک ریسٹورنٹ میں پاکستانی انجینئر کے تیار کردہ روبوٹس نے ویٹرز کی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔
کراچی کے معروف ریسٹورنٹ سسلیئن میں روبوٹ ویٹریس روبیا اور اس کا ساتھی جوجو گاہکوں کو کھانا پیش کر رہے ہیں۔ یہ روبوٹس نہ صرف کھانے کی میزوں تک پہنچتے ہیں بلکہ گاہکوں کو اپنا تعارف بھی کرواتے ہیں۔
روبوٹس کے خالق پاکستانی انجینئر سید اسامہ عزیز ہیں، جنہوں نے زیادہ تر مقامی طور پر تیار کردہ پرزوں کی مدد سے یہ روبوٹس بنائے ہیں۔ انہوں نے اپنے زیر انتظام تجربہ گاہ میں ان کے برقی سرکٹ تیار کیے اور پروگرامنگ بھی خود کی۔
خبر رساں ادارے کے مطابق روبیا اور جوجو کو اسامہ عزیز کی روبوٹکس کمپنی کوبوٹ نے دوستوں کے تعاون سے تیار کیا، تاہم بعض الیکٹرانک پرزے بیرون ملک سے بھی درآمد کیے گئے۔
روبوٹس کے سفید گول سر، سیاہ شیشے اور سیاہ دوپٹے سے مشابہ لباس انہیں منفرد شناخت دیتے ہیں۔ ریسٹورنٹ پہنچنے والے گاہک ان روبوٹس کو دیکھ کر حیران اور خوشگوار حیرت میں مبتلا ہو جاتے ہیں۔
ان روبوٹس کو فی الحال کھانے کی ٹرے خود گاہکوں تک پہنچانی ہوتی ہے، تاہم ٹرے سے کھانا اتارنے کے لیے گاہکوں کو خود یا ریسٹورنٹ کے عملے کی مدد لینا پڑتی ہے۔
اسامہ عزیز کا کہنا ہے کہ مستقبل میں روبوٹس میں کیمروں اور تصویری شناخت کی جدید صلاحیتیں شامل کرنے کا منصوبہ ہے، جس کے ذریعے یہ گاہکوں کو پہچان سکیں گے، ان کے گزشتہ آرڈرز یاد رکھیں گے اور ان کی پسند کے مطابق کھانے تجویز کرسکیں گے۔روبوٹس کی تیاری کے لیے ورکشاپ ملتان میں قائم کی گئی ہے۔
ریسٹورنٹ آنے والے بچوں اور خاندانوں میں روبوٹس خاصے مقبول ہو رہے ہیں۔ گاہک ان کے ساتھ تصاویر اور سیلفیاں بناتے ہیں جبکہ بچے انہیں قریب سے دیکھنے اور چھونے میں بھی دلچسپی لیتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا کی سرکاری جامعات مالی بحران کا شکار، وفاق سے 18 ارب روپے کا خصوصی پیکج مانگ لیا
ریسٹورنٹ انتظامیہ کے مطابق روبوٹس کی آمد کے بعد کاروبار میں اضافہ ہوا ہے اور کراچی کے مختلف علاقوں سے لوگ خصوصی طور پر انہیں دیکھنے کے لیے ریسٹورنٹ کا رخ کر رہے ہیں۔












