لاہور: امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ حکومت کو ٹیکسوں کے نظام میں تبدیلی کے لیے آخری مرتبہ بھی تجاویز دی ہیں، چھوٹی گاڑیوں کے مالکان پر ٹیکس کا بوجھ ڈالنے کے بجائے بڑی گاڑیوں پر ٹیکس بڑھایا جائے۔لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی کی کمیٹی نے حکومت کو واضح تجاویز پیش کی ہیں کہ 1800 سی سی تک کی گاڑیوں پر ٹیکس بڑھانے کے بجائے اس سے بڑی گاڑیوں پر ٹیکس اور درآمدی محصولات میں اضافہ کیا جائے۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ ٹیکسوں کا سارا بوجھ چھوٹی گاڑیاں استعمال کرنے والوں پر کیوں ڈالا جا رہا ہے؟ بڑی گاڑیاں رکھنے والے مراعات یافتہ طبقے سے تعلق رکھتے ہیں، جبکہ بعض افراد کی آمدن کا کوئی واضح ذریعہ بھی سامنے نہیں آتا، لیکن وہ عوام کے پیسوں سے بڑی گاڑیاں استعمال کرتے ہیں۔حافظ نعیم الرحمان نے مطالبہ کیا کہ بڑی گاڑیوں پر اضافی محصولات عائد کیے جائیں اور ٹریکٹرز اور عوامی ٹرانسپورٹ کو بھی ریلیف پیکیج میں شامل کیا جائے۔امیر جماعت اسلامی نے دعویٰ کیا کہ اگر جماعت اسلامی دباؤ نہ ڈالتی تو حکومت عوام کو ریلیف نہ دیتی۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی وزیر نے یہاں تک کہا تھا کہ پیٹرول کی قیمت ایک ہزار روپے فی لیٹر بھی ہو سکتی ہے۔
آئل ریفائنریز اور مافیاز پر تنقید
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ آئل ریفائنریز کے معاملے کی نشاندہی بھی جماعت اسلامی نے کی تھی۔ عوام پر بوجھ ڈال کر آئل ریفائنریز کو فائدہ پہنچایا گیا۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ پاکستان میں آئل ریفائنریز، چینی، گیس، آٹے اور بجلی گھروں سے متعلق مفادات کے گروہ موجود ہیں، جن میں حکومت اور اپوزیشن کی کوئی تمیز نہیں۔ ان کے بقول یہ گروہ مل کر عوام کا استحصال کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں کم ہو رہی ہیں، اس لیے آئل ریفائنریز کا منافع کم کرکے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کی جا سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پیٹرولیم مصنوعات سستی ہونے پر ٹرانسپورٹ کرایوں میں مزید کمی کا فیصلہ
ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے پر تشویش
امیر جماعت اسلامی نے ملک بھر میں گیس کی قلت اور مہنگی ایل پی جی پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے پہلے گیس کی قیمت 240 روپے اور اب 279 روپے مقرر کی، لیکن سرکاری نرخوں پر گیس کہیں دستیاب نہیں، جبکہ ایل پی جی 700 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہی ہے۔حافظ نعیم الرحمان نے دعویٰ کیا کہ ایل پی جی کا سلنڈر سرکاری قیمت سے تقریباً دگنی قیمت پر فروخت کیا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق ایران سے قانونی طور پر ایل پی جی آ رہی تھی، جس میں پاکستان کا حصہ 70 فیصد تھا، تو اس کی فراہمی کیوں بند کی گئی؟
انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر حکومت کو رسد کے مسائل کا علم تھا تو پہلے سے انتظامات کیوں نہیں کیے گئے؟ اگر بڑے ذخیرہ کنٹینرز اور جگہ کی کمی ہے تو انہیں کرائے پر حاصل کرکے عوام کو سہولت فراہم کی جائے۔حافظ نعیم الرحمان نے مزید کہا کہ پاکستان میں تیل اور گیس کی تلاش کے لیے ہونے والی بولی میں کسی بین الاقوامی کمپنی نے حصہ نہیں لیا، حکومت کو اس معاملے کی وجوہات کا جائزہ لینا چاہیے۔












