اسلام آباد( پاک ترک نیوز) حکومت نے جماعت اسلامی سے ایک بار پھر رابطہ کرلیا، وفاقی وزیر احسن اقبال نے نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے۔احسن اقبال نے جماعت اسلامی کے ساتھ مذاکرات کے ذریعے معاملات حل کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت مسئلے کا حل مذاکرات کے ذریعے چاہتی ہے۔وفاقی وزیر نے جماعت اسلامی کو ہفتے کے روز مذاکرات کی دعوت بھی دی۔
لیاقت بلوچ نے حکومتی رابطے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وہ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان اور سینیئر قیادت سے مشاورت کے بعد حکومت کو جواب دیں گے۔نائب امیر جماعت اسلامی نے واضح کیا کہ پیٹرولیم لیوی کے خاتمے تک احتجاج جاری رہے گا۔حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان مذاکرات کے اب تک پانچ دور ہوچکے ہیں۔ پہلی مرتبہ حکومتی وفد جماعت اسلامی کو مذاکرات کی دعوت دینے لاہور میں منصورہ پہنچا تھا، جس کے بعد مذاکرات کے چار دور اسلام آباد میں ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں: پٹرول 1 روپے 65 پیسے اور ڈیزل 88 پیسے سستا، نئی قیمتوں کا اعلان
دونوں فریقوں کے درمیان مذاکرات کا آخری دور 16 ستمبر بدھ کو ہوا تھا، تاہم مذاکرات میں اہم معاملات پر حتمی اتفاق رائے نہیں ہوسکا تھا۔












