لاہور( پاک ترک نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ ذیابیطس ایک خاموش دشمن ہے، جس پر احتیاط، آگاہی اور نظم و ضبط پر مبنی طرز زندگی اپنا کر قابو پایا جاسکتا ہے۔ پاکستان میں ذیابیطس کے مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد اس بیماری کے خلاف مزید مؤثر اقدامات کی متقاضی ہے۔ذیابیطس کے عالمی دن پر اپنے خصوصی پیغام میں مریم نواز شریف نے کہا کہ صحت عوام کا بنیادی حق ہے اور پنجاب حکومت یہ حق ہر شہری کی دہلیز تک پہنچانے کے لیے کوشاں ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار ٹائپ ون ذیابیطس کے شکار بچوں کو انسولین کٹس ان کے گھروں تک پہنچائی جارہی ہیں، جبکہ ذیابیطس سمیت دیگر امراض کے مریضوں کے لیے لاکھوں میڈیسن باکس بھی گھروں میں فراہم کیے جارہے ہیں۔مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ذیابیطس کا تیزی سے پھیلاؤ تشویش کا باعث ہے، تاہم اجتماعی کوششوں اور عوامی آگاہی کے ذریعے اس مرض پر قابو پایا جاسکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: انڈر 19 ایشیا کپ کا فائنل، پاکستان کی بھارت کے خلاف بیٹنگ جاری
انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ اپنی صحت کے خود محافظ بنیں اور متوازن غذا، باقاعدہ ورزش اور صحت مند طرز زندگی اپنائیں۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ بلڈ شوگر کا باقاعدگی سے معائنہ اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ذیابیطس سے بچاؤ اور اس پر قابو پانے کی اہم کنجی ہے۔












