پشاور ( پاک ترک نیوز) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ گزشتہ 13 سال کے دوران صوبے کے وسائل کو بے دردی سے لوٹا گیا، معدنی ذخائر قوم کی امانت ہیں اور کسی کو ان پر ڈاکا ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ صوبے میں امن اور خوشحالی کا قیام ہماری پہلی ترجیح ہے۔نیوز کانفرنس کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا نے الزام عائد کیا کہ غیر قانونی کان کنی سے قومی خزانے کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ غیر قانونی گولڈ مائننگ کے خلاف بڑا آپریشن شروع کیا گیا، تاہم کامیاب کارروائی کے بعد واپس آنے والی پولیس فورس پر فتنہ الخوارج نے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں کوہاٹ میں ایک ڈی ایس پی سمیت 10 پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔
فیصل کریم کنڈی کا دعویٰ تھا کہ غیر قانونی کان کنی میں ملوث عناصر فتنہ الخوارج کو بھتہ دیتے اور انہیں تحفظ فراہم کرتے تھے، جبکہ غیر قانونی مائننگ سے حاصل ہونے والی رقم کا 80 فیصد افغانستان منتقل کیا جا رہا تھا۔ انہوں نے یہ الزام بھی عائد کیا کہ غیر قانونی سرگرمیوں میں وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے بھائی بھی ملوث تھے۔گورنر کے پی نے بتایا کہ سونے کی کانوں کی تمام لیز منسوخ کردی گئی ہیں اور ٹھیکیداروں کو اپنی مشینری اٹھانے کی ہدایت کردی گئی ہے، بصورت دیگر کارروائی کی جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہارنے کی کوئی گنجائش نہیں، آخر کب تک ہم اپنے جوانوں کی شہادتیں دیتے رہیں گے؟ اب یہ سلسلہ مزید نہیں چل سکتا۔ دہشت گردی کے خاتمے اور صوبے میں امن کے قیام کے لیے بھرپور اقدامات کیے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: امریکی بی 21 ریڈر اسٹیلتھ بمبار کا کامیاب ہتھیاروں کا تجربہ
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں معدنیات کے وسیع ذخائر موجود ہیں، ان وسائل کو قانون کے مطابق استعمال میں لایا جائے گا اور کسی کو قومی خزانے کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔












