لاہور( پاک ترک نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیرِ صدارت اجلاس میں خوشحال دیہات پروگرام کے لیے 23 ارب 85 کروڑ روپے کی منظوری دے دی گئی۔ پروگرام کے پہلے مرحلے میں پنجاب کے 475 دیہات میں ترقیاتی کام کیے جائیں گے، جبکہ ہر گاؤں کی ترقی کے لیے 5 کروڑ روپے مختص کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل خوشحال دیہات کمیٹی کے ذریعے کی جائے گی، جس کی سربراہی متعلقہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوشل سروسز کریں گی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے نومبر تک کمیٹیوں کو گرانٹ کی پہلی قسط جاری کرنے کی ہدایت بھی کردی۔
یہ بھی پڑھیں: شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشنز، 16 خوارج ہلاک،2 جوان شہید
وزیراعلیٰ نے دوسرے مرحلے کے لیے مزید 2 ہزار دیہات کا ترقیاتی پلان طلب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے ہر گاؤں میں پکی گلیاں اور سیوریج کا منظم نظام ان کا عزم ہے۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ شہر ہوں یا دیہات، پنجاب میں ہر جگہ یکساں ترقی ہوگی۔ ترقی کے سفر میں سب کو شامل کیا جائے گا اور سیاسی وابستگی کو آڑے نہیں آنے دیا جائے گا۔ ترقیاتی پروگرام اور مسائل کا حل پنجاب کے ہر علاقے کا حق ہے۔












