اسلام آباد (پاک ترک نیوز ) وزیراعظم شہباز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کے لیے پیر کی شام امریکا پہنچیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کریں گے، جس میں وہ پاکستان کی ترجیحات اور عالمی و علاقائی صورتحال پر اظہار خیال کریں گے۔
وزیراعظم اپنے خطاب میں قیام امن کی کوششوں اور دنیا میں جاری تنازعات کے حل کی ضرورت پر بات کریں گے۔ شہباز شریف عالمی برادری پر زور دیں گے کہ تنازعات کے پرامن حل اور پائیدار امن کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
وزیراعظم اپنے خطاب میں خطے میں جاری تنازعات کے عالمی صورتحال پر پڑنے والے منفی اثرات کا بھی ذکر کریں گے۔ ذرائع کے مطابق شہباز شریف اس امر کو اجاگر کریں گے کہ مختلف خطوں میں جاری کشیدگی نہ صرف متعلقہ ممالک بلکہ عالمی امن، استحکام اور معیشت کو بھی متاثر کر رہی ہے۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا اجلاس عالمی رہنماؤں کو بین الاقوامی امن، سلامتی اور مختلف عالمی مسائل پر اپنا مؤقف پیش کرنے کا اہم پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔ پاکستان کی جانب سے وزیراعظم شہباز شریف کی شرکت کے دوران بھی عالمی اور علاقائی امن سے متعلق امور کو خصوصی اہمیت دی جائے گی۔
وزیراعظم کی امریکی دورے کے دوران دیگر عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی متوقع ہیں، جن میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جا سکتا ہے۔












