اسلام آباد (پاک ترک نیوز )وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو پولیو سے پاک کرنا ایک بڑا چیلنج ہے، تاہم حکومت کا عزم اور حوصلہ اس چیلنج سے کہیں زیادہ مضبوط ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت انسدادِ پولیو سے متعلق اہم جائزہ اجلاس ہوا، جس میں ملک میں پولیو کی موجودہ صورتحال، سامنے آنے والے حالیہ کیسز اور وائرس کے خاتمے کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں وزیراعظم نے حالیہ پولیو کیسز پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پولیو کے خاتمے کے لیے پہلے سے زیادہ مؤثر حکمت عملی اور مسلسل جدوجہد کی ضرورت ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ تمام صوبوں اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے مشترکہ حکمت عملی تیار کی جائے تاکہ ملک سے پولیو کا مکمل خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔
وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ایک ہفتے کے اندر صوبوں سے مشاورت مکمل کرکے انسدادِ پولیو کے لیے جامع اور مربوط لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت بھی کی۔
شہباز شریف نے معمول کے حفاظتی ٹیکہ جات کی کوریج بہتر بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بالخصوص پولیو سے متاثرہ علاقوں میں بچوں کو ویکسین کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
وزیراعظم نے واضح کیا کہ پولیو مہم کے دوران فرائض انجام دینے والے ورکرز کی سیکیورٹی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔












