اسلام آباد(پاک ترک نیوز)جائیداد اور وراثت کے تنازعات پر سپریم کورٹ نے اہم فیصلہ جاری کردیا، عدالت نے واضح کردیا کہ کسی وارث کا حق محض خاموشی، تاخیر یا زبانی دستبرداری سے ختم نہیں ہوسکتا، جبکہ خواتین کو وراثت سے محروم کرنے کو قابلِ سزا جرم قرار دیا ہے۔
جسٹس شاہد وحید نے مختلف مقدمات میں تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے قرار دیا کہ وراثت کا حق مالک کی وفات کے ساتھ ہی تمام شرعی ورثاء کو حاصل ہوجاتا ہے۔ ریونیو ریکارڈ میں نام درج نہ ہونے یا انتقال میں حصہ ظاہر نہ ہونے سے کسی وارث کا حق ختم نہیں ہوتا۔
سپریم کورٹ کے مطابق وراثت کے دعوے کی عمومی مدت 6 سال ہے، جس کا آغاز اس وقت ہوگا جب وارث کے حق سے واضح طور پر انکار کیا جائے۔ جائیداد کی فروخت، جعلی ہبہ یا وراثتی حق تسلیم کرنے سے انکار اس کی مثالیں ہیں۔ تاہم مشترکہ جائیداد کی تقسیم کے دعوے پر کوئی میعاد لاگو نہیں ہوتی۔
عدالت نے ریونیو حکام کو فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ جاری کرنے اور انتقال سے پہلے تمام شرعی ورثاء کو تحریری نوٹس دینے کا حکم دیا ہے۔ ہبہ یا دستبرداری کے لیے وارث کی ذاتی حاضری اور بیان لازمی قرار دیا گیا ہے، جبکہ خواتین کے بیانات کے وقت خاتون ریونیو افسر کی موجودگی یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ سوسائٹیز اور بورڈز جانشینی سرٹیفکیٹ کے بغیر جائیداد منتقل نہیں کریں گے۔ عدالت نے پارلیمنٹ کو بھی سفارش کی ہے کہ وراثت سے دستبرداری کو رجسٹرڈ دستاویز بنانے کے لیے قانون سازی کی جائے۔
یہ بھی پڑ ھیں: فیصل آباد میں مبینہ پولیس مقابلہ، اغوا برائے تاوان اور بیوی کے قتل میں مطلوب ملزم ہلاک
سپریم کورٹ نے واضح کیا کہ خواتین کو وراثت سے محروم کرنا تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 498 اے کے تحت جرم ہے اور اس قانون کا اطلاق مردوں پر بھی ہونا چاہیے۔
عدالت کے مطابق خریدار کو جائیداد خریدنے سے پہلے مکمل قانونی چھان بین کرنا ہوگی، جبکہ پوری قیمت ادا کرکے خریداری کرنے والے تیسرے فریق کو قانون تحفظ دیتا ہے۔












