اسلام آباد(پاک ترک نیوز)سپریم کورٹ نے قتل کے مقدمے میں عمر قید کی سزا مکمل کرنے والے ملزم نجف خان کو مقدمے سے بری کردیا۔جسٹس ہاشم کاکڑ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔
دورانِ سماعت درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کے موکل عمر قید کی سزا مکمل کرکے رہا ہوچکے ہیں، تاہم وہ قتل کے الزام سے مقدمے کے میرٹ پر بریت چاہتے ہیں۔
وکیل کے مطابق مقتول غلام محمد کے قتل کے مقدمے میں دو افراد کے خلاف ایف آئی آر درج ہوئی تھی، تاہم فرانزک لیبارٹری کی رپورٹ میں واضح کیا گیا کہ غلام محمد کا قتل ان کے موکل کے پستول سے چلنے والی گولی سے نہیں ہوا۔
وکیل نے مزید بتایا کہ فرانزک رپورٹ میں جس شخص کے فائر سے قتل ہونے کی نشاندہی کی گئی، وہ پہلے ہی بری ہوچکا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: امریکی جدید ترین جنگی طیارے ایف 35 کے 10 لاکھ سے زائد پرزے غائب
درخواست گزار کے وکیل کا کہنا تھا کہ ہائیکورٹ نے ان کے موکل کی سزائے موت کو عمر قید میں تبدیل کیا تھا، جبکہ ڈاکٹر کی رپورٹ کے مطابق ایک پستول سے فائر ہوا، لیکن ایف آئی آر میں دو رائفلز کا ذکر موجود ہے۔
دلائل سننے کے بعد سپریم کورٹ نے نجف خان کی اپیل منظور کرتے ہوئے انہیں قتل کے مقدمے سے بری کردیا۔












