بیجنگ (پاک ترک نیوز) چین کے جدید ترین پانچویں نسل کے اسٹیلتھ لڑاکا طیارے J-35A نے اپنی پہلی عوامی نمائش کے دو سال مکمل کرلیے، جبکہ چینی میڈیا نے طیارے کو مزید جدید بنانے کے منصوبوں کی تفصیلات بھی سامنے لے آیا۔چینی سرکاری ٹی وی سی سی ٹی وی کے مطابق J-35A میں مستقبل میں مکمل صلاحیتوں والے مقامی طور پر تیار کردہ WS-19 ٹربوفین انجن کی تنصیب متوقع ہے، جس سے طیارے کی کارکردگی میں مزید بہتری آسکتی ہے۔J-35A، جسے سرکاری طور پر یون لونگ یعنی کلاؤڈ ڈریگن کا نام دیا گیا ہے، چین کا دوسرا خود تیار کردہ پانچویں نسل کا اسٹیلتھ لڑاکا طیارہ ہے۔ یہ سنگل سیٹ اور دو انجنوں پر مشتمل ہے، جسے چین کے پہلے اسٹیلتھ لڑاکا طیارے J-20 کے تجربات اور تکنیکی معلومات کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیا گیا ہے۔
طیارے کی نمایاں خصوصیت اس کا جدید اسٹیلتھ ڈیزائن ہے، جس میں خصوصی ساخت، زاویہ دار عمودی دم، جدید کاک پٹ کوٹنگ اور ریڈار لہروں کو کم منعکس کرنے والی ٹیکنالوجی شامل ہے۔ چینی ماہرین کے مطابق اس کا ریڈار کراس سیکشن انتہائی کم ہے، جس سے دشمن کے ریڈار کے لیے اس کی بروقت نشاندہی مشکل ہوجاتی ہے۔جدید ایویونکس نظام کے تحت J-35A میں ایکٹیو الیکٹرانکلی اسکینڈ اَرے ریڈار نصب ہے، جو طویل فاصلے سے اہداف کی نشاندہی اور بعض اسٹیلتھ اہداف کا سراغ لگانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس کے علاوہ الیکٹرو آپٹیکل سسٹم، پائلٹ کے ہیلمٹ سے منسلک ڈسپلے اور جدید ڈیٹا لنک کے ذریعے J-20 اور بغیر پائلٹ ڈرونز کے ساتھ رابطے کی سہولت بھی موجود ہے۔ہتھیاروں کے حوالے سے طیارے میں اندرونی ویپن بے موجود ہے، جس میں اسٹیلتھ صلاحیت برقرار رکھتے ہوئے فضا سے فضا میں مار کرنے والے میزائل لے جائے جاسکتے ہیں، جبکہ نان اسٹیلتھ موڈ میں پروں کے نیچے اضافی ہتھیار نصب کرنے کی گنجائش بھی موجود ہے۔چینی میڈیا کے مطابق J-35A اور بھاری لڑاکا طیارے J-20 ایک دوسرے کی معاونت کرتے ہوئے مختلف جنگی ذمہ داریاں انجام دے سکتے ہیں۔ J-20 کو زیادہ اہم اور بڑے اہداف کے لیے جبکہ نسبتاً چھوٹے J-35A کو فضائی گشت، دفاع اور کثیرالمقاصد کارروائیوں کے لیے موزوں قرار دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وراثت کے حق سے خواتین کو محروم کرنا جرم، سپریم کورٹ کا بڑا فیصلہ
مستقبل میں J-35A کے ممکنہ اپ گریڈ کے چار اہم شعبے بھی سامنے آئے ہیں۔ ان میں جدید WS-19 انجن، مصنوعی ذہانت اور بہتر ایویونکس، اندرونی ویپن بے میں مزید ہتھیاروں کی گنجائش اور اسٹیلتھ ٹیکنالوجی میں بہتری شامل ہیں۔چینی ماہرین کے مطابق مستقبل میں اس کا دو نشستوں والا ورژن بھی تیار کیا جاسکتا ہے، جو بغیر پائلٹ ڈرونز کی کمانڈ اور نگرانی کے لیے استعمال ہوسکتا ہے۔ الیکٹرانک وارفیئر ورژن بھی ایک ممکنہ آپشن ہے، تاہم ان منصوبوں کا باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا۔












