انطالیہ (پاک ترک نیوز)وزیراعظم شہباز شریف کوپ 31 سربراہی کانفرنس میں شرکت کے لیے ترکیہ کے شہر انطالیہ پہنچ گئے، ایئرپورٹ پر ترک نائب وزیر برائے ثقافت و سیاحت گوکھان یازگی نے ان کا استقبال کیا۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کوپ 31 سربراہی اجلاس سے خطاب کریں گے، جس میں وہ موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات سے نمٹنے کے لیے عالمی سطح پر فوری اور مؤثر اقدامات کی ضرورت پر زور دیں گے۔
وزیراعظم طے شدہ اصولوں کے مطابق بین الاقوامی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی اہمیت بھی اجاگر کریں گے۔اعلامیے کے مطابق شہباز شریف قابل تجدید توانائی کی جانب منتقلی اور بجلی کے فروغ سے متعلق اعلیٰ سطح کے مکالمے سے بھی خطاب کریں گے۔دورے کے دوران وزیراعظم کی ترک صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات متوقع ہے، جبکہ کانفرنس میں شریک دیگر عالمی رہنماؤں سے بھی دوطرفہ ملاقاتیں ہوں گی۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوسرا ٹیسٹ لاہور سے راولپنڈی منتقل
ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور اور پاکستان و دیگر ممالک کے درمیان تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔واضح رہے کہ کوپ 31 سربراہی کانفرنس کے موقع پر پاکستان کا خصوصی پویلین بھی قائم کیا گیا ہے، جہاں پاکستان کے موسمیاتی اقدامات اور ماحولیاتی ترجیحات کو اجاگر کیا جائے گا۔












