اسلام آباد (پاک ترک نیوز )وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے انکشاف کیا ہے کہ پنجاب حکومت نے ان کی سیکیورٹی واپس لے لی ہے، ایلیٹ فورس کی سیکیورٹی گزشتہ ڈیڑھ سال سے ان کے ساتھ تعینات تھی۔ایک بیان میں چوہدری سالک حسین نے کہا کہ انہوں نے پنجاب میں کرپشن کا الزام لگایا تھا، جس پر ان سے سوال کیا گیا کہ کیا ان کا اشارہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی طرف تھا؟ اس پر انہوں نے وضاحت کی کہ انہوں نے مریم نواز کا نام نہیں لیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کی کوپ 31 سربراہی اجلاس کے دوران صدر اردوان سے ملاقات کا امکان
وفاقی وزیر سے سوال کیا گیا کہ ان کے بھائی اور پنجاب کے صوبائی وزیر شافع حسین کیا استعفیٰ دے رہے ہیں؟ اس پر چوہدری سالک حسین نے کہا کہ شافع حسین کو ان کے بیان کا علم نہیں تھا، استعفے سے متعلق جواب بھی وہی دے سکتے ہیں۔چوہدری سالک حسین نے مزید کہا کہ انہیں بھیجے گئے نوٹس کا جواب تیار کرلیا ہے، جو آئندہ چند روز میں سامنے آجائے گا۔












